بین ریاستی خبریں

لکھنؤ: یوپی انتخابات سے پہلے کورونا’ دھماکہ‘، میدانتا اسپتال کا 40 عملہ مثبت

لکھنؤ، 4جنوری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) یوپی میں ہونے والے اسمبلی انتخابات سے پہلے دارالحکومت لکھنؤ میں کورونا دھماکہ ہوگیا۔ لکھنؤ کے میدانتا اسپتال میں کرونااس طرح ٹوٹ پڑا کہ ایک ساتھ 40 طبی عملہ متاثر پائے گئے ہیں۔رنڈیم ٹیسٹنگ میں یہ سب کورونا متاثر پائے گئے ہیں۔ اسپتال کی جانب سے تمام متاثرہ افراد کو 5 دن کی چھٹی دے کر قرنطینہ میں رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

میدانتا اسپتال کے 40عملہ کا بیک وقت کرونا متأثر ہونا، ایسے وقت میں ہوا ہے جب ریاست میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں اور اس کی تیاریاں زوروں پر ہیں۔ جہاں پارٹیاں انتخابات کے لیے مہم چلا رہی ہیں، الیکشن کمیشن تاریخوں کے اعلان کے حوالے سے غور و خوض میں مصروف ہے۔ واضح ہو کہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا کے 572 نئے معاملے سامنے آچکے ہیں۔

تاہم 24 گھنٹوں کے دوران ایک بھی موت کی اطلاع نہیں ہے۔ جبکہ اس دوران 34 افراد کو ڈسچارج بھی کیا جاچکا ہے۔ اس عرصے کے دوران ایکٹو کیسز کی تعداد 2,261 ہے۔ اس سے قبل اتوار کو 552 نئے کیس سامنے آئے تھے۔محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں غازی آباد میں سب سے زیادہ 130، گوتم بدھ نگر میں 101، لکھنؤ میں 86، میرٹھ میں 49 اور آگرہ میں 33 کورونا کیسز پائے گئے ہیں، جب کہ یکم جنوری کو یہ تعداد غازی آباد میں 85، گوتم بدھ نگر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 61، لکھنؤ میں 58، میرٹھ میں 48 اور آگرہ میں چھ تھی۔

ایڈیشنل چیف سکریٹری (صحت) امیت موہن پرساد کے مطابق کرونا انفیکشن کی شرح مسلسل بڑھ رہی ہے اور اتوار کو انفیکشن کی شرح 0.4 فیصد تھی، جو گزشتہ 15-20 دنوں میں بہت تیزی سے بڑھی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button