نئی دہلی ،07؍ جنوری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے جمعہ کو وزیر اعظم نریندر مودی پر پنجاب میں سیکورٹی میں سنگین کوتائی کے پس منظر میں طنز کرتے ہوئے ان سے پوچھا کہ کیا وزیر اعظم کبھی بھی قومی سلامتی میں بڑی کوتاہی پر تنقید کریں گے۔
ملک کی سرحدوں پر بات کریں گے۔ انہوں نے’پینگونگ سو‘ اور ‘چین‘ ہیش ٹیگز کے ساتھ ٹویٹ کیا کہ ہماری سرحدوں پر جو کچھ ہو رہا ہے وہ قومی سلامتی میں بہت بڑی کوتاہی ہے۔ کیا وزیراعظم کبھی اس پر بات کریں گے؟راہل گاندھی نے یہ تبصرہ ایک ایسے وقت میں کیا ہے جب پنجاب میں وزیر اعظم مودی کی سیکورٹی میں سنگین کوتاہی کے معاملے پر بھارتیہ جنتا پارٹی اور کانگریس کے درمیان الزام تراشیوں کا دور چل رہا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ بدھ کو انتخابی ریاست پنجاب کا دورہ کرنے والے وزیر اعظم مودی کی سیکورٹی میں’سنگین کوتاہی‘ کا ایک واقعہ اس وقت پیش آیا جب فیروز پور میں کچھ مظاہرین نے ایک سڑک بلاک کر دی جس سے وہ گزرنے والے تھے۔ جس کی وجہ سے وزیر اعظم تقریباً 20 منٹ تک فلائی اوور پر پھنسے رہے۔
اس واقعہ کے بعد وزیر اعظم دہلی واپس آگئے۔ انہوں نے نہ تو پنجاب میں کسی پروگرام میں شرکت کی اور نہ ہی وہ دو سال بعد ریاست میں اپنی پہلی ریلی سے خطاب کر سکے۔ پنجاب میں جلد اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔



