
نئی دہلی،07؍ جنوری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ہندوستان میں ایک بار پھر کورونا وائرس کے یومیہ کیسز کی تعداد 1 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ جمعہ 7 جنوری 2022 کی صبح تک گزشتہ 24 گھنٹوں میں ہندوستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں 28.8 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
اومیکرون کے پھیلاؤ کے درمیان گزشتہ24 گھنٹوں میں 1,17,100 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ وزارت صحت کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 302 مریضوں کی موت ہوئی ہے۔1,17,100 کیسز رپورٹ ہونے کے بعد سے اب ہندوستان میں کورونا کے کل 35,226,386 کیسز درج ہو چکے ہیں۔
ملک میں فعال کیسز کی تعداد بڑھ کر 3,71,363 ہوگئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں 30,836 مریض صحت یاب ہوئے ہیں اور اب تک کووڈ سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 34,371,845 ہوگئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 302 اموات کے بعد ملک میں کووڈ سے ہونے والی اموات کی تعداد اب تک بڑھ کر 4,83,178 ہو گئی ہے۔
فعال کیس کی شرح کل کیسز کا 1.05فیصد ہے۔ صحت یابی کی شرح 97.57 فیصد ہے۔ کووڈ کے بڑھتے ہوئے معاملات کے درمیان یومیہ مثبت شرح 7.74 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ ہفتہ واری مثبت شرح 4.54 فیصدپر ہے۔ہندوستان میں تیسری لہر کا آغاز ہوچکا ہے اور کیسز اتنی تیزی سے بڑھ رہے ہیں کہ صرف گزشتہ 10 دنوں میں کووِڈ کے یومیہ کیسز 18 گنا بڑھ گئے ہیں۔



