حکومت ہند کی وزرات اقلیت کے ذریعہ نیشنل اسکالرشپ کیلئے آن لائن درخواست کرنے کی تاریخ میں توسیع کرتے ہوئے 31دسمبر 2020تک بڑھا دی گئی ہے۔ خواہشمند طلبہ نیشنل اسکالرشپ پورٹل پر چلائی جارہی وظیفہ اسکیموںکیلئے آن لائن درخواست کر سکتے ہیں۔اترپردیش محکمۂ اقلیتی بہبودسے موصولہ اطلاع کے مطابق سال 2020-21کیلئے تین وظائف اسکیمیں اقلیتی طبقہ کیلئے چلائی جا رہی ہیں۔پری- میٹرک، پوسٹ میٹرک اور میرٹ کم مینس مبنی وظیفہ کے تحت طلبہ حاصل کر سکتے ہیں۔ طلبہ کے ذریعہ وظیفہ(پہلی بار درخواست کرنے والے) اور تجدیدکاری وظیفہ(وہ درخواست دہندہ جنہوںنے 2019-20کے دوران وظیفہ حاصل کیا ہو) کیلئے آن لائن درخواست 31دسمبر 2020تک پیش کر سکتے ہیں۔درخواست دہندہ نوٹیفائیڈ اقلیتی طبقہ (مسلم، جین، بودھ، سکھ، پارسی اور عیسائی) کا طالب علم ہو، وہ ہندوستان میں سرکاری اور پرائیویٹ یونیورسٹی؍ادارہ، ڈگری کالجوں؍اسکولوں میں زیر تعلیم ہے، نصاب کم ازکم ایک سال کا ہو اور درخواست دہندہ نے گزشتہ سالانہ بورڈ؍درجہ کے امتحان میں 50فیصد نمبر حاصل کیے ہوں، ایسے طالب علموں کو ہی اقلیتی وظیفہ کیلئے اہل مانا جائیگا۔ڈائرکٹر اقلیتی بہبود محترمہ سی اندومتی نے درخواست دہندہگان کو مشورہ دیا ہے کہ وہ قومی وظائف پورٹل ویب سائٹ www.scholarships.gov.in یا موبائل ایپ National scholarship(NSP)پر وظیفہ اسکیموں میں سے کسی ایک کیلئے آن لائن درخواست کر سکتے ہیں۔اس ضمن میں مرکزی اقلیتی امور وزارت کی ویب سائٹ www.minorityaffairs.gov.inیا ٹول فری نمبر-1800112001کے توسط سے یا اقلیتی بہبود ڈائرکٹریٹ اترپردیش لکھنؤ کے دفتر سے تفصیلی معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔



