نئی دہلی ،17؍ جنوری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز میں ٹیم انڈیا کے نائب کپتان جسپریت بمراہ نے پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ اس دوران انہوں نے ٹیسٹ ٹیم اور وراٹ کوہلی کی کپتانی سے متعلق کئی سوالوں کے جواب دئیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر انہیں ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی کا موقع ملا تو وہ پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
اس دوران انہوں نے نیو لینڈز کے ڈریسنگ روم میں پیش آنے والا واقعہ بھی بتایا جس نے وراٹ کوہلی کی ٹیسٹ کپتانی چھوڑنے کا فیصلہ کیا تھا۔جب جسپریت بمراہ سے پوچھا گیا کہ اگر انہیں ٹیسٹ میچوں میں ٹیم انڈیا کا کپتان بنایا جاتا ہے تو وہ اسے کیسے دیکھتے ہیں؟
اس پر بمراہ نے جواب دیاکہ اگر مجھے ہندوستانی ٹیم کی کپتانی کا موقع ملتا ہے تو یہ اعزاز کی بات ہوگی۔ میں ہمیشہ کوشش کرتا ہوں کہ مجھے دیا گیا ہر کردار بہت اچھے طریقے سے ادا کروں، اگر یہ موقع ملا تو میں یہاں بھی بہترکردار ادا کرنے کی کوشش کروں گا۔
بمراہ نے کہاکہ میں کپتان کے ایل راہل کی جتنی ہوسکی مدد کروں گا اور ایک گیند باز کے طور پر بھی اپنا کردار ادا کروں گا۔ مجھ پر کوئی اضافی دباؤ نہیں ہے۔ میں بطور نائب کپتان نوجوانوں کی مدد بھی کروں گا۔اس سوال کے جواب میں بمراہ کہتے ہیں کہ وراٹ کوہلی ٹیم میں جوش و خروش پیدا کرنے والے کھلاڑی ہیں۔
وہ ہندوستانی ٹیم میں فٹنس لے کر آئے۔ ٹیم میں ان کا تعاون بہت خاص رہا ہے اور ان کے مشورے مستقبل میں بھی کام آتے رہیں گے۔ کپتانی چھوڑنا ان کا ذاتی فیصلہ تھا۔ میں نے ان کی کپتانی میں اپنا ٹیسٹ ڈیبو کیا تھا اور مجھے ان کی کپتانی میں بولنگ کرنے میں بہت مزہ آیا۔



