نئی دہلی،19؍ جنوری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) اتر پردیش کے اسمبلی انتخابات 2022 سے پہلے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے ایس پی سربراہ ملائم سنگھ یادو کے خاندان میں سیندھ لگائی ہے۔ ملائم سنگھ یادو کی بہو اپرنا یادو بدھ کو بی جے پی میں شامل ہو گئیں۔
وہ یوپی بی جے پی کے صدر سوتنتر دیو سنگھ، نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ اور پارٹی کے میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے انچارج انیل بلونی کی موجودگی میں بھگوا پارٹی میں شامل ہوئیں۔اپرنا یادو ملائم سنگھ یادو کے چھوٹے بیٹے اور ایس پی سپریمو اکھلیش یادو کے چھوٹے بھائی پرتیک یادو کی بیوی ہیں۔
بی جے پی نے اپرنا یادو کا پارٹی میں شامل ہونے کا خیر مقدم کیا ہے۔بی جے پی میں شامل ہونے والی ارپنا یادو نے کہا کہ میں ہمیشہ وزیر اعظم نریندر مودی سے متاثر رہی ہوں۔ انہوں نے کہاکہ میں اب ملک کے لیے بہتر کرنا چاہتی ہوں۔ میں ہمیشہ بی جے پی کے منصوبوں سے بہت متاثر ہوئی ہوں۔
میں پارٹی میں بہترین کام کروں گی۔یوپی کے نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ نے کہا کہ ہم آپ کو بی جے پی خاندان میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ ہمیں یہ کہتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ملائم سنگھ یادو کی بہو ہونے کے باوجودانہوں نے اکثر بی جے پی کے کام کی تعریف کی ہے۔
اس موقع پر نائب وزیر اعلیٰ نے ایس پی صدر اکھلیش یادو پر حملہ کیا اور الزام لگایا کہ وہ اپنے خاندان میں ناکام رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اکھلیش یادو صرف اپنے خاندان میں ہی کامیاب نہیں ہیں۔ وہ ریاست کے وزیر اعلیٰ کے طور پر بھی ناکام رہے ہیں۔ رکن اسمبلی کی حیثیت سے بھی ناکام رہے۔گزشتہ کچھ دنوں سے اپرنا کے بی جے پی میں شامل ہونے کی قیاس آرائیاں بھی ہو رہی تھیں۔ انہوں نے کئی مواقع پر وزیر اعظم نریندر مودی اور یوگی آدتیہ ناتھ کی تعریف کی ہے۔
پسماندہ ذاتوں کے کئی رہنماؤں کے پارٹی چھوڑنے کے بعد اتر پردیش میں بی جے پی کے لیے یہ ایک بڑا انتخابی اقدام ہے۔ یوگی کابینہ سے استعفیٰ دینے والے تین وزراء حال ہی میں ایس پی میں شامل ہوئے تھے۔
اَپرنایادو کے بعد اکھلیش یادو کے ایک اور رشتہ دارہوں گے بھگواٹولے میں شامل
ملائم سنگھ یادو کی بہو اپرنا یادو کے بی جے پی میں شامل ہونے کے بعد زعفرانی پارٹی نے ملائم سنگھ یادو کے خاندان میں ایک اور نقب زنی کی ہے۔ اب اکھلیش یادو کے پھوپھا نے بھی زعفرانی کیمپ میں جانے کا اعلان کر دیا ہے۔ ایس پی سرپرست ملائم سنگھ یادو کے ہم زلف(ساڑھو بھائی) اور اوریا ضلع کے بدھونا علاقہ کے ایم ایل اے پرمود کمار گپتا ایل ایس نے کہا کہ ایس پی اپنے اصل نظریات سے منحرف ہو گئی ہے۔ اب نیتا جی (ملائم سنگھ یادو) اور شیو پال سنگھ یادو کی پارٹی میں کوئی وقار باقی نہیں رہا، ایسے میں اب وہ بی جے پی میں شامل ہونے جا رہے ہیں۔
سابق ایم ایل اے پرمود کمار گپتا ایل ایس، ملائم کی دوسری بیوی سادھنا یادو کے بہنوئی، فی الحال پرگتی شیل سماج وادی پارٹی کے عہدیدار ہیں۔ بدھ کو ملائم کی چھوٹی بہو اپرنا یادو دہلی میں بی جے پی میں شامل ہو گئی ہیں۔ پرمود گپتا ایل ایس نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ وہ لکھنؤ میں بی جے پی میں شامل ہوں گے۔انہوں نے الزام لگایا کہ ایس پی میں ملائم اور شیو پال کا کوئی وقار نہیں ہے، جس کی وجہ سے انہوں نے بی جے پی میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی اب اپنے اصل نظریہ سے ہٹ چکی ہے ،اورمافیاؤں کو پارٹی میں شامل کیا جا رہا ہے۔سابق ایم ایل اے نے الزام لگایا کہ ایس پی میں ملائم سنگھ یادو اور شیو پال سنگھ یادو کو ہراساں بھی کیا جا رہا ہے۔ ملائم سنگھ یادو کو وکرم دتیہ مارگ پر واقع ان کی رہائش گاہ پر یرغمال بنالیا گیا ہے اور انہیں کسی سے ملنے کی بھی اجازت نہیں ہے۔
نیتا جی کے یوم پیدائش پر انہیں بولنے نہیں دیا گیا اور مائیک چھین لیا گیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ آج پارٹی میں غیر سماج وادی لوگوں کو ترجیح دی جا رہی ہے اور پرانے سوشلسٹ کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔



