دہرادون، 19جنوری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) اتراکھنڈ اسمبلی انتخابات سے پہلے بی جے پی کے متعلق ایک بڑی خبر سامنے آئی ہے۔ اتراکھنڈ کے سابق وزیر اعلی اور بی جے پی کے سینئر لیڈر ترویندر سنگھ راوت Trivendra Singh Rawat نے اسمبلی انتخابات نہ لڑنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ ترویندر سنگھ راوت نے بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا کو خط لکھ کر اس بار اسمبلی انتخابات نہ لڑنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔
فی الحال ڈ وئی والا سیٹ سے ترویندر سنگھ راوت ایم ایل اے ہیں ،اور وہ اس سیٹ سے تین بار نمائندگی بھی کر چکے ہیں۔ترویندر سنگھ راوت نے جے پی نڈا کو خط لکھ کر کہا کہ ریاست میں قیادت میں تبدیلی آئی ہے، اور پشکر دھامی کی شکل میں نوجوان قیادت دستیاب ہے۔
بدلے ہوئے سیاسی حالات میں مجھے 2022 کا اسمبلی الیکشن نہیں لڑنا چاہیے، میں پہلے ہی اپنے خیالات سے آگاہ کر چکا ہوں، میں بی جے پی کا کارکن ہوں۔ نیشنل سکریٹری، جھارکھنڈ انچارج، اتر پردیش لوک سبھا انتخابات 2014، میں نے شریک انچارج کی ذمہ داری نبھائی ہے۔
میں نے پنجاب، ہریانہ، دہلی سمیت کئی ریاستی انتخاب کی مہمات میں کام کیا ہے۔ترویندر سنگھ راوت ڈوئی والا سیٹ سے ممبراسمبلی ہیں ، جہاں انہوں نے 2002، 2007 اور 2017 میں تین بار کامیابی حاصل کی تھی لیکن مرکزی قیادت اس بار راوت کے ٹکٹ کو لے کر تذبذب میں ہے کیونکہ انہیں ان کی مدت میں وزیر اعلیٰ کے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا، یہی نہیں، دھامی اور تیرتھ سنگھ حکومت میں راوت کے کئی فیصلے بھی بدلے گئے۔
اتراکھنڈ کی سیاست پر نظر رکھنے والے سیاسی ماہرین کا کہنا ہے کہ بی جے پی اس بار ترویندر سنگھ راوت کو ٹکٹ دے گی یا نہیں اس پر شک برقرار ہے۔ یہ بھی چرچا ہے کہ اس بار حکومت مخالف لہر پر قابو پانے کے لیے بی جے پی اپنے 57 ایم ایل اے میں سے ایک درجن سے زیادہ کے ٹکٹ کاٹنے جا رہی ہے۔



