ڈرہے، مودی کہیں اس پل کا بھی افتتاح نہ کردیں-چین کے غیر قانونی پل کی مبینہ تعمیرپر راہل گاندھی کاطنز
نئی دہلی19جنوری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے لائن آف ایکچوئل کنٹرول (ایل اے سی) کے قریب لداخ میں پینگونگ تسو جھیل پر چین کی طرف سے پل بنانے کی خبروں پرمسلسل دوسری بار پی ایم نریندر مودی پرتنقیدکی ہے۔ اس سے قبل کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے بھی اس معاملے میں وزیر اعظم کی خاموشی پر سوال اٹھایاہے۔
اس بار راہل گاندھی نے ایک تصویر کو ٹیگ کیا ہے جس میں جھیل پر مبینہ چینی پل کوتیرکانشان لگایاگیاہے۔
یہ جگہ ایل اے سی کے وسط کے قریب ہے۔ 51 سالہ راہل گاندھی نے اپنے ٹویٹ میں لکھاہے کہ چین ہمارے ملک میں پل بنا رہا ہے۔ وزیراعظم کی خاموشی کی وجہ سے پی ایل اے (پیپلز لبریشن آرمی) کے حوصلے بڑھ رہے ہیں۔ ڈرہے کہ مودی وہاں بھی افتتاح کرنے نہ پہونچ جائیں۔چین پینگونگ جھیل Pangong Tso Lake پر پل بنا رہا ہے جس کی لمبائی اب 400 میٹر سے تجاوز کر گئی ہے۔
پل کی تعمیر مکمل ہونے پر چین کو اس علاقے میں اہم فوجی برتری حاصل ہوگی جو مشرقی لداخ میں بھارت اور چین کے درمیان ایک اہم مقام رہا ہے۔
یہ پل 8 میٹر چوڑاہے۔ یہ پل پینگونگ کے شمالی کنارے پر چینی فوج کے فیلڈ بیس کے بالکل جنوب میں واقع ہے، جہاں 2020 میں ہندوستان اور چین کے درمیان تعطل کے دوران چینی فوج کے اسپتال اور فوجیوں کو رکھا گیا تھا۔ 16 جنوری کی سیٹلائٹ تصاویر بتاتی ہیں کہ چینی کارکن تعمیراتی کام میں مصروف تھے۔



