بین الاقوامی خبریں

کیمرون: فٹ بال میچ کے دوران بھگدڑ میں متعدد افراد ہلاک

لندن ، 25جنوری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)آفریقی ملک کیمرون کے دارالحکومت یاونڈے میں فٹ بال کے ایک اہم مقابلے کو دیکھنے کے لیے ایک اسٹیڈیم میں ہجوم کے داخل ہونے کی کوشش کے دوران بھگدڑ مچ گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

کیمرون میں قومی نشریاتی ادارے کے مطابق، پیر کے روز افریقہ کپ آف نیشنز فٹ بال کے کھیل کی میزبانی کرنے والے اسٹیڈیم کے باہر بھگدڑ میں کم از کم آٹھ افراد ہلاک ہو گئے۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب میچ دیکھنے کے لیے شائقین کی ایک بڑی تعداد اسٹیڈیم میں داخل ہونے کی کوشش کر رہی تھی۔

دارالحکومت یاؤنڈے کے اولمبے اسٹیڈیم میں فائنل مقابلے میں کیمرون نے مد مقابل ٹیم کوموروس کو ایک کے مقابلے دو گول سے شکست دی تاہم اس کے دیکھنے کے لیے داخلی گیٹ پر بھیڑ بہت زیادہ جمع ہوگئی تھی جہاں بھگدڑ کے سبب درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے۔

حکام کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کو اس سلسلے میں وزارت صحت کی جو ابتدائی رپورٹ حاصل ہوئی اس کے مطابق آٹھ افراد ہلاک ہوئے ہیں، جس میں دو نوجوان خواتین، چار مرد اور ایک بچہ شامل ہے جبکہ ایک لاش اہل خانہ اپنے ساتھ لے کر چلے گئے۔

وزارت نے کہا کہ متاثرین کو ایمبولینسوں میں فوری طور پر منتقل کیا گیا تاہم سڑکوں پر بھاری ٹریفک نے ٹرانسپورٹ کو سست کر دیا۔وزارت نے بتایا کہ بھگدڑ میں کچلنے سے تقریباً 50 افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں دو افراد کو کافی زخم آئے جبکہ دو مزید افراد کے سر پر شدید چوٹیں آئی ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button