بین الاقوامی خبریں

بین الاقوامی خبریں

جرمنی میں کووڈ کیسوں کا نیا ریکارڈ، ایک دن میں دو لاکھ سے زائد کیسز

برلن،27؍ جنوری: جرمنی میں کووڈ انیس کے نئے کیسوں میں ریکارڈ اضافہ نوٹ کیا گیا ہے۔ جمعرات کے روز رابرٹ کوخ انسٹی ٹیوٹ نے بتایا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران دو لاکھ سے زائد افراد میں اس وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

جرمنی میں کووڈ کا پہلا کیس ستائیس جنوری سن دو ہزار بیس کو ریکارڈ کیا گیا تھا، جس کے بعد سے پہلی مرتبہ کسی ایک دن میں اتنے زیادہ انفیکشن کے کیسز درج کیے گئے ہیں۔ جرمنی میں اب تک نو ملین افراد اس وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ سے زائد ہو چکی ہے۔


برطانیہ میں خاتون سے زیادتی پر ایشیائی ٹیکسی ڈرائیور کو 10 سال قید

لندن،27؍ جنوری : ایشیائی ملک سے تعلق رکھنے والے ٹیکسی ڈرائیور 41 سالہ عمران رشید کو لفٹ دینے کے بہانے خواتین کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کا الزام ثابت ہونے پر 10 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم نے جولائی میں ایک خاتون کو اپنی ٹیکسی میں لفٹ دینے کی پیشکش کی اور خاتون کو ان کی منزل مقصود پر لے جانے کے بجائے ویران علاقے میں لے جا کر زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔


امریکہ میں معیاری جمہوریت اب نہیں رہی: واشنگٹن پوسٹ

واشنگٹن ،27؍ جنوری:دی واشنگٹن پوسٹ نے کہا ہے کہ امریکہ ’’اینوکریسی‘‘کے قریب پہنچ رہا ہے، جو ایک  جمہوریت کے بجائے نہ تو مکمل جمہوری ہے اور نہ ہی آمرانہ۔ رائے پر مبنی ایک مضمون میں اخبار نے خبردار کیا ہے کہ ملک میں200 سالوں میں پہلی بار ”معیاری جمہوریت  نہیں رہی”، کیونکہ امریکی شہریوں کے کچھ حقوق، جیسے  فرد کے قانونی حقوق اور آزادی صحافت کو پامال کیا گیا ہے۔


سعودی پرچم کی بے حرمتی کرنے والے 4 بنگلہ دیشی گرفتار

ریاض،27؍ جنوری: مکہ مکرمہ پولیس نے سعودی پرچم کی بے حرمتی کرنے والے 4 تارکین کو گرفتار کیا ہے۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق گرفتار شدگان نے قومی پرچم میں فالتو سامان باندھ کر کوڑے میں پھینک دیا تھا۔مکہ مکرمہ ریجن پولیس نے کہا ہے کہ ’گرفتار شدگان بنگلہ دیشی کارکن ہیں جنہیں شناخت کرکے گرفتار کیا گیا ہے‘۔

’ان کے خلاف ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا جائے گا‘۔پولیس نے کہا ہے کہ ’قومی پرچم واجب الاحترام ہے اور اس کی کسی طور بے حرمتی نہیں ہوسکتی‘۔’جو شخص قومی پرچم کی بے حرمتی کرے گا اسے قانون کے مطابق سزا دی جائے گی‘۔


21ویں صدی میں فوجی بغاوتیں ناقابل قبول ہیں: اقوام متحدہ

نیویارک،27؍ جنوری: اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے مغربی افریقی ملک برکینا فاسو میں ہونے والی فوجی بغاوت کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ 21ویں صدی میں فوجی بغاوت قابل قبول نہیں ہے۔چینی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے سربراہ نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جمہوری معاشرے اہمیت کے حامل ہیں جن کا تحفظ ضروری ہے اور اس صدی میں فوجی بغاوتیں ناقابل قبول ہیں۔عالمی ادارے کیسربراہ نے کہا کہ انہیں برکینا فاسو میں حالیہ بغاوت پر گہری تشویش ہے۔


چین نے تعطیل اور سرمائی کھیلوں کے دوران کام کی جگہ پرحفاظتی جانچ بڑھادی

بیجنگ،27؍ جنوری: وزارت ہنگامی انتظامات نے بتایا ہے کہ چین نے نئے چینی قمری سال کی تعطیلات اور سرمائی اولمپک کھیلوں کے دوران کام کی جگہ پر حفاظت کو یقینی بنانے، رسک کنٹرول کی کوششوں کا معائنہ کرنے کے لئے 16 ٹیمیں ملک بھر میں روانہ کی ہیں۔وزارت ہنگامی انتظامات نے کہا ہے کہ ریاستی کونسل کے ماتحت ورک سیفٹی کمیشن آفس کے زیرانتظام معائنہ ٹیمز مارچ کے آخر تک 31 صوبائی سطح کے خطوں اور سنکیانگ پروڈکشن اور کنسٹرکشن کورمیں پیداوار کے تحفظ کی کوششوں کی نگرانی کریں گی۔

چین میں شیر کا سال یکم فروری اور 2022 بیجنگ سرمائی کھیل 4 فروری سے شروع ہورہے ہیں۔وزارت نے کہا ہے کہ کام کی جگہ پر حفاظتی خطرات سے دوچار علاقوں بشمول سڑک ٹریفک، تعمیرات اور شہروں کو گیس کی فراہمی پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی۔


نینسی پیلوسی کا2022 کے وسط مدتی انتخابات میں دوبارہ حصہ لینے کا اعلان

واشنگٹن،27؍ جنوری: امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پیلوسی نے اس سال کے وسط مدتی انتخابات میں دوبارہ حصہ لینے کا اعلان کیا ہے۔ریاست کیلیفورنیا سے کانگریس کی ڈیموکریٹ رکن، نینسی پیلوسی نے ٹویٹر پر اپنے ویڈیواعلان میں کہا کہ اب جبکہ ہم ترقی کررہے ہیں لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لیے بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔

ایسے دور میں جب سچائی پر حملہ ہوا،کانگریس اورایک کے بعد دوسری ریاست میں رائے دہی کے حقوق پرحملہ ہوا،ایسی صورت حال میں ہماری جمہوریت سب سے زیادہ داو پر لگی ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تاہم جیسا ہم کہتے ہیں، ہم پریشان نہیں ہوتے، ہم منظم کرتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ میں کانگریس کے لیے دوبارہ انتخاب میں حصہ لوں گی اور مودبانہ طور پر آپ کی حمایت کی خواہاں ہوں۔ مجھے اس سے بہت عزت ملے گی اور اس کے لیے شکر گزار ہوں گی۔


چین میں 10 کروڑ ٹن تیل و گیس کے ذخائر دریافت

بیجنگ،27؍ جنوری:چین کی تیل صاف کرنیوالی سب سے بڑی کمپنی سائنو پیک نے ملک کیشمال مغربی ویغور خود مختار خطے سنکیانگ کے تاریم طاس میں تیل و گیس کے تقریبا 10 کروڑ ٹن ذخائر کا حامل ایک نیا علاقہ دریافت کر لیا ہے۔کمپنی نے بدھ کے روز بتایا کہ سائنوپیک کی شونبئی آئل اینڈ گیس فیلڈ میں ان تازہ ترین ذخائر سے 8 کروڑ 80 لاکھ ٹن خام تیل اور 2 کھرب 90 ارب کیوبک میٹر قدرتی گیس حاصل ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس دریافت سے چین کی توانائی کی فراہمی میں مزید بہتری آئے گی اور قومی توانائی سلامتی کی ضمانت میں مدد ملے گی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button