لندن،29جنوری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) یوکرائنی صدر نے کہا کہ مغرب اور میڈیا میں روس کے ساتھ تنازعہ کو جس طرح اچھالا جا رہا ہے، اس کی یوکرائن کو بھاری قیمت ادا کرنی پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ صدر بائیڈن سخت بیان بازی کر کے غلطی کر رہے ہیں۔
یوکرائن کے صدر وولودیمیر زیلنیسکی Volodymyr Zelensky نے بین الاقوامی میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مغرب سے اپیل کی کہ وہ روس کے ساتھ کشیدگی کے معاملے پر خوف و ہراس پیدا نہ کریں کیونکہ اس نے یوکرائن کی پہلے سے ہی کمزور معیشت میں سرمایہ کاری کو مزید نقصان پہنچایا ہے۔
زیلنیسکی کا کہنا تھا، ہمیں اس خوف و ہراس کی ضرورت نہیں ہے۔ یوکرائن کو اس کی بھاری قیمت ادا کرنی پڑ رہی ہے۔ صدر زیلنیسکی نے کہا کہ مغرب اور میڈیا جس طرح روس کے ساتھ ہماری کشیدگی کو اچھال رہے ہیں اس کی یوکرائن کے عوام کو بھاری قیمت ادا کرنی پڑے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ صدر جو بائیڈن اپنی سخت بیان باری سے غلطی کررہے ہیں۔امریکی صدر بائیڈن نے جمعرات کے روز کہا تھا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ روس اگلے ماہ اپنے پڑوسی پر حملہ کرسکتا ہے۔
روس کے وزیر خارجہ نے اس طرح کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ماسکو کوئی جنگ نہیں چاہتا۔اس وقت یوکرائن کی سرحد پر تقریباً ایک لاکھ افواج تعینات ہیں لیکن زیلنیسکی کا کہنا تھا کہ انہیں کوئی بڑا خطرہ نظر نہیں آیا کیونکہ گزشتہ موسم بہارمیں بھی روسی فوج اسی طرح موجود تھے۔یوکرائنی صدر نے کیف میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بعض انتہائی قابل احترام سربراہان مملکت بھی ایسے اشارے دے رہیں گویا کل ہی جنگ شروع ہو جائے گی۔ اس طرح کے خوف و ہراس سے ہمارے ملک کو کوئی فائدہ نہیں ہو گا۔



