قومی خبریں

سپریم کورٹ نے ایس پی رہنما اعظم خان کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت ملتوی کردی

نئی دہلی،03؍ فروری :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)سپریم کورٹ میں سماج وادی پارٹی کے رہنما اعظم خان کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت ملتوی کر دی گئی ہے۔ جسٹس ایل ناگیشور راؤ کی عدم دستیابی کی وجہ سے سماعت ملتوی کر دی گئی۔

اعظم نے سپریم کورٹ سے عبوری ضمانت کی درخواست کی ہے۔ وہ یوپی قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں تشہیر کرناچاہتے ہیں۔رام پور کے ایس پی ایم پی اعظم خان جو تقریباً دو سال سے یوپی کی سیتا پور جیل میں بند ہیں، انہوں نے سپریم کورٹ میں عبوری ضمانت پر رہائی کے لیے درخواست دی ہے۔

اعظم خان نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ ریاستی حکومت ان کے خلاف درج مقدمات میں استغاثہ کے عمل کو لٹکا رہی ہے، اس لیے وہ انتخابی مہم میں حصہ نہیں لے سکتے۔ اعظم خان نے سپریم کورٹ کو بتایا ہے کہ یوپی کی عدالتوں میں تین مختلف مقدمات میں ضمانت پر رہائی کے لیے درخواستیں دائر کی گئی ہیں۔ لیکن حکومت کا محکمہ پراسیکیوشن اس میں جان بوجھ کر غفلت برت رہا ہے۔

حکومت نہیں چاہتی کہ وہ کسی بھی صورت میں انتخابی تشہیرکے لیے جیل سے باہر آئیں۔ اس لیے سپریم کورٹ یوپی انتخابات کے دوران انہیں عبوری ضمانت پر رہا کرے۔انہوں نے کہا کہ انہیں کئی مقدمات میں ملزم بنایا گیا ہے تاہم وہ دیگر مقدمات میں ضمانت حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔

لیکن ان کے خلاف درج تین مقدمات میں کارروائی میں جان بوجھ کر تاخیر کی جا رہی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ یوپی میں 403 سیٹوں کے لیے 10 فروری سے سات مرحلوں میں انتخابات ہوں گے اور ووٹوں کی گنتی 10 مارچ کو ہوگی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button