مالیگاؤں بم دھماکہ معاملہ :عدالت میں ایک اور گواہ پلٹا کہا اے ٹی ایس نے مجھے کیا اغوا، آر ایس ایس لیڈران کا نام لینے پرکیا مجبور
ممبئی، 3 فروری :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)2008 کے مالیگاؤں دھماکہ کیس کا ایک اور گواہ آج عدالت میں اپنی بات سے منکرہوگیا۔ یہ 17واں گواہ تھا جس نے گواہی دینے سے انکار کیا۔ یہی نہیں اس نے عدالت میں مہاراشٹر اے ٹی ایس پر سنگین الزامات لگائے۔
انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر اے ٹی ایس نے انہیں اغوا کیا اور تین چار دن تک غیر قانونی حراست میں رکھا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں زبردستی اس معاملے میں آر ایس ایس لیڈران کا نام لینے پر مجبور کیا گیا ہے۔قابل ذکرہے کہ 28 دسمبر کو 15ویں گواہ نے بھی سنسنی خیز الزامات عائد کئے تھے۔ بیان سے پلٹتے ہوئے کہا تھا کہ اس معاملے میں یوگی آدتیہ ناتھ (اس وقت وزیر اعلیٰ اتر پردیش) کا نام لینے کے لیے اے ٹی ایس کی جانب سے ان پر دباؤ تھا۔
اس کے علاوہ ان پر آر ایس ایس کے سینئر لیڈران اندریش کمار اور سوامی اسیمانند کے نام پر دباؤ ڈالنے کا الزام تھا۔سال 2008 میں 29 ستمبر کی رات 9.35 بجے مالیگاؤں میں شکیل گڈز ٹرانسپورٹ کمپنی کے بالکل سامنے ایک بم دھماکہ ہوا تھا۔ دھماکہ ایل ایم ایل کی موٹر سائیکل میں ہوا۔ دھماکے میں 6 افراد ہلاک اور 101 افراد زخمی ہوئے۔



