ہر ریاست میں نوڈل افسران کی تقرری کریں
نئی دہلی،04؍ فروری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)کورونا سے ہوئی موت کے معاوضے کے معاملے میں سپریم کورٹ نے اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے انڈر سکریٹری یا اس سے اوپر کے عہدے کے افسر کو ہر ریاست میں نوڈل افسر کے طور پر مقرر کرنے کو کہا ہے۔
اس نوڈل افسر کو متاثرین کو معاوضہ فراہم کرنے کے لیے ریاستی قانونی خدمات اتھارٹی کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔ اس کے علاوہ ریاست سے تعلقہ کی سطح تک کام کرنے والی قانونی خدمات کے حکام بھی اس کام میں متاثرہ درخواست دہندگان کی شناخت اور تصدیق کرنے میں مدد کریں گے۔
سپریم کورٹ نے یہ بھی کہا ہے کہ اگر معاوضے کی درخواستوں میں کوئی غلطی، یا کوئی کمی ہے تو اسے تکنیکی بنیادوں پر مسترد نہ کیا جائے۔ اسے منسوخ کرنے کے بجائے وقت ضائع کیے بغیر اس کی درست اصلاح کی جائے۔
اس کے ساتھ ہی سپریم کورٹ نے مہاراشٹر حکومت کی پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صرف آن لائن درخواستیں دینے کا انتظام بالکل بھی عملی نہیں ہے۔ عدالت نے کہا کہ متاثرین کی آف لائن درخواستیں کیسے مسترد کر سکتے ہیں۔
کیا آپ کو لگتا ہے کہ دور دراز کے دیہاتوں میں رہنے والے غریب، کم تعلیم یافتہ لوگ آن لائن درخواست دے سکیں گے؟قابل غور ہے کہ کووڈ کی وجہ سے اپنے پیاروں کو کھونے والوں کی مدد کے لیے 50 ہزار روپئے معاوضہ دینے کے حکم کے باوجود یہ رقم بہار اور آندھرا پردیش میں متوفی کے اہل خانہ تک نہ پہنچ سکی۔سپریم کورٹ نے گزشتہ ماہ رقم اہل خانہ تک نہ پہنچنے پر سخت ناراضگی ظاہر کی تھی۔



