مرکز کے ایماء پر حد بندی کمیشن مصروفِ کار، عوام کو ’من کی بات‘ کہنے کا حق نہیں: محبوبہ مفتی
سری نگر،7فروری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے بی جے پی کو نشانہ بنایاہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سیاسی جماعت ملک کے ہر ادارے کو تباہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اسی طرح کی کوششیں کشمیر میں بھی حد بندی کمیشن کے ذریعے کی جا رہی ہیں۔ بی جے پی ملک کو گوڈسے کے ہندوستان میں تبدیل کرنے کی کوشش کر رہی ہے، جس کی ہم ہمیشہ مخالفت کریں گے۔
پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو اپنے ’من کی بات‘ کہنے کا حق بھی نہیں ہے۔ حد بندی کمیشن بی جے پی کے کہنے پر کام کر رہا ہے۔ اس سے بی جے پی اپنے حلقوں کو مضبوط کرنا چاہتی ہے۔ ان کا مقصد اکثریتی برادریوں(مسلمانوں) کو بے اختیار بنانا ہے۔ بجٹ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس میں عام آدمی کو کچھ بھی نہیں ہے ۔ مرکزی حکومت نے کسانوں کے لیے کچھ نہیں کیا۔
متوسط طبقے کو بھی مایوسی ہوئی ہے۔محبوبہ مفتی نے کرناٹک میں حجاب تنازعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مختلف مذاہب پر اپنا فیصلہ مسلط نہیں کر سکتی ،کیونکہ ہر مذہب کی اپنی اپنی تعلیمات ہیں اور کسی کو مذہبی ذمہ داریوں پر عمل کرنے سے گریز کرنے پر مجبور نہیں کیا جا سکتا۔
کشمیر میں صحافی کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سچ کے ساتھ کھڑا ہونا اب ملک دشمن ہو گیا ہے، حکومت کو آئینہ دکھانا ملک دشمنی میں شامل ہوگیا ، یہ آزادی ٔ صحافت کا گلاگھونٹنا ہے۔



