سرورققومی خبریں

یوپی کے لیے کانگریس کا منشور، 10 دنوں میں کسانوں کا قرض معاف کرنے کا وعدہ

لکھنو،09؍ فروری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)اتر پردیش میں پرینکا گاندھی کی قیادت میں الیکشن لڑ رہی کانگریس پارٹی نے اپنا انتخابی منشور جاری کیا ہے۔ پارٹی نے خواتین اور نوجوانوں سمیت سماج کے ہر طبقے کو اپنی طرف راغب کرنے کی کوشش کی ہے۔

کانگریس کا یہ اعلان ریاست میں 10 فروری کو ہونے والے پہلے مرحلے کی ووٹنگ سے عین قبل سامنے آیا ہے۔ ریاست میں سات مرحلوں میں پولنگ ہونی ہے۔ منشور جاری کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے کہا کہ اگر ہماری حکومت بنتی ہے تو ہم 10 دن کے اندر کسانوں کے قرض معاف کر دیں گے۔ گندم اور دھان 2500 روپئے اور گنا 400 روپئے میں خریدا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کا بل آدھا کر دیا جائے گا، اس کے علاوہ کورونا سے جاں بحق ہونے والے خاندانوں کو 2500 روپئے دئیے جائیں گے۔

کانگریس جنرل سکریٹری نے کہا کہ 20 لاکھ سرکاری نوکریاں دی جائیں گی۔ 40 فیصد خواتین کو ملازمتوں میں ریزرویشن دیا جائے گا۔

اس کے علاوہ جن کی فصلوں کو آوارہ جانوروں نے نقصان پہنچایا ان کو 3000 روپئے دئیے جائیں گے۔پرینکا نے کہا کہ ہم مزدوروںاور ملازمین کے لیے آؤٹ سورسنگ بند کر دیں گے۔ آؤٹ سورسڈ اور کنٹریکٹ ورکرز کی ریگولرائزیشن مرحلہ وار کی جائے گی۔

اسی طرح سنسکرت اور اردو اساتذہ کی خالی آسامیوں کو پر کیا جائے گا۔ کانگریس کے انتخابی منشور میں گائے کا گوبر 2 روپئے فی کلو میں خریدنے کا انتظام ہے۔ کچی آبادی کی زمین اس کے نام کی جائے گی جو وہاں رہ رہے ہیں۔

گرام پردھان کی تنخواہ میں 6000 روپئے جبکہ چوکیدار کی تنخواہ میں 5000 روپئے کا اضافہ کیا جائے گا۔کورونا سے مرنے والے کورونا واریئرز کو 50 لاکھ روپئے دئیے جائیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ تمام شکشا متروں کو پرماننٹ کیا جائے گا۔ ایس سی-ایس ٹی کی پوری تعلیم مفت کی جائے گی، کاریگروں اور بنکروں کے لیے قانون ساز کونسل میں ایک سیٹ مختص کی جائے گی۔

معذوروں کی پنشن 6000 ماہانہ کی جائے گی، خواتین پولیس اہلکاروں کو ان کے آبائی شہر میں پوسٹنگ دی جائے گی۔کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کہا کہ دیگر پارٹیوں کی طرح ہم نے دیگر پارٹیوں کے وعدوں کو اپنے منشور میں نہیں رکھا، ہم نے اس میں عوام سے ملنے والی تجاویز کو شامل کیا ہے۔

مہنگائی اور بے روزگاری اس وقت بڑے مسائل ہیں۔ سابق مرکزی وزیر اور کانگریس کے سینئر لیڈر سلمان خورشید نے کہا کہ پارٹی نے لاکھوں لوگوں کی رائے لینے کے بعد یہ منشور تیار کیا ہے ۔

متعلقہ خبریں

Back to top button