بین الاقوامی خبریں

لیبیا کے وزیراعظم قاتلانہ حملہ میں بال بال بچ گئے

طرابلس ، ۱۱؍فروری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)لیبیا کے وزیراعظم عبدالحمید الدبیبہ  Abdul Hamid Dbeibeh پر دارالحکومت طرابلس میں قاتلانہ حملہ ہوا ہے تاہم وہ محفوظ رہے۔ عرب میڈیا الحدث کے مطابق وزیر اعظم عبدالحمید الدبیبہ اپنے گھر جا رہے تھے کہ راستے میں نامعلوم افراد نے ان کی گاڑی پر گولی چلائی۔

وزیر اعظم کے ایک قریبی شخص کے حوالے سے برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ نے بتایا ہے کہا کہ حملے کی کوشش کا معاملہ پراسکیوٹر جنرل کو تحقیقات کے لیے بھجوا دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ اس واقعے کی تصدیق ہونے کے بعد لیبیا پر کنٹرول حاصل کرنے کی غرض سے پیدا ہونے والا بحران مزید شدت اختیار کر سکتا ہے۔ پارلیمان میں نئے وزیراعظم کے انتخاب کے لیے ووٹنگ بھی متوقع ہے۔

گذشتہ سال مارچ میں عبدالحمید الدبیبہ کو اقوام متحدہ کی حمایت یافتہ قومی اتحاد کی حکومت کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا جس کا مقصد دسمبر میں انتخابات تک انتظامی امور سنبھالنا تھا۔ تاہم انتخابی عمل کی ناکامی کے بعد سے حلیف جماعتیں اقتدار حاصل کرنے کی کوشش میں ہیں۔

پارلیمان نے ابھی تک اقوام متحدہ کی حمایت یافتہ قومی اتحاد کی حکومت کو تسلیم نہیں کیا تھا۔ جبکہ اقوام متحدہ کے مشیر برائے لیبیا اور مغربی ممالک نے کہا ہے کہ وہ قومی اتحاد کی حکومت کو تسلیم کرتے ہیں اور انتخابات کروانے پر زور دیا ہے۔ دوسری جانب رواں ہفتے پارلیمان نے کہا تھا کہ اس سال انتخابات نہیں منعقد ہوں گے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button