قومی خبریں

لکھیم پور کھیری کیس: آشیش مشرا کو رہائی کا کرنا ہوگا انتظار ، ضمانت ملنے کے بعد تکنیکی رُکاوٹ

الٰہ آباد ، ۱۱؍فروری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)الہ آباد ہائی کورٹ کی لکھنؤ بنچ نے لکھیم پور تشدد کیس کے ملزم آشیش مشرا کو ضمانت دے دی ہے، لیکن تکنیکی وجوہات کی بنا پر رہا نہیں کیا جا سکتا۔ آشیش مشرا کے وکیل تکنیکی وجوہات میں ترمیم کے لیے عدالت میں درخواست دیں گے جس کے بعد ہی انہیں رہا کیا جائے گا۔

لکھیم پور کھیری واقعہ میں چار کسان سمیت آٹھ افراد ہلاک ہو ئے تھے، آشیش مرکزی حکومت میں وزیر اجے مشرا ٹینی کا بیٹا ہے۔ آشیش کو اس دن ضمانت ملی جب مغربی اتر پردیش کے جاٹ لینڈیعنی مظفر نگر، میرٹھ شاملی وغیرہ میں پہلے مرحلہ میں ووٹ ڈالے جا رہے تھے۔

لکھنؤ بنچ نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ اجے مشرا کی عرضی پر سماعت کے بعد 18 جنوری کو اپنا فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔ جسٹس راجیو سنگھ نے جمعرات کو اس معاملہ میں انہیں ضمانت دے دی تھی۔ اجے کے وکیل نے عدالت میں دلیل دی تھی کہ ان کا مؤکل بے قصور ہے اور کسانوں کو گاڑی چلانے کے معاملہ میں اس کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ہے۔

ضمانت کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل وی کے ساہی نے کہا تھا کہ واقعہ کے وقت آشیش اسی گاڑی میں موجود تھے جس نے کسانوں کو روندا تھا۔

واضح ہوکہ گزشتہ سال 3 اکتوبر کو لکھیم پور کھیری میں نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ کے دورہ پر احتجاج کر رہے کسانوں پر ایک تیز رفتار گاڑی چڑھادی گئی تھی۔ اس میں اور اس کے بعد ہونے والے تشدد میں آٹھ افراد مارے گئے تھے۔ اس معاملہ میں آشیش مشرا ، جو مرکزی وزیر اجے مشرا ٹینی کا بیٹاہے ، کلیدی ملزم قراردیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button