بین الاقوامی خبریں

چارسعودی خواتین فوربز کی سرفہرست 50 طاقتورکاروباریوں میں شامل

ریاض12فروری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)چارسعودی خواتین نے اس سال فوربز Forbes کی 50 طاقتور کاروباری خواتین کی فہرست میں جگہ بنائی ہے۔اس میں 19 ممالک سے تعلق رکھنے والی 17 شعبوں سے وابستہ خواتین شامل ہیں۔

اس سال فوربز کی فہرست میں شامل ہونے والی سعودی عرب کی خواتین میں سارہ السہیمی Sarah Al Suhaimi ، ہثم علیان Hutham Olayan ، لبنیٰ علیان Lubna Olayan اور بسمہ المیمن Basmah Al Mayman شامل ہیں۔

فوربزکی مکمل فہرست میں چوتھے نمبر پرسارہ السہیمی تھیں۔وہ مملکت کے اسٹاک ایکسچینج تداول کی صدارت کرنے والی پہلی سعودی خاتون ہیں۔تداول مشرق اوسط کی سب سے بڑی اسٹاک مارکیٹ ہے۔وہ ملک کے سب سے بڑے ٹیلی کام آپریٹر سعودی ٹیلی کام کمپنی (ایس ٹی سی) کی بورڈ ممبربھی ہیں اور انٹرنیشنل فنانشیل رپورٹنگ اسٹینڈرڈز فاؤنڈیشن کی ٹرسٹی ہیں۔

سارہ السہیمی سعودی عرب کے ثقافتی ترقیاتی فنڈ اور سعودیہ ایئرلائنز کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں بھی خدمات انجام دے رہی ہیں۔

فہرست میں چھٹے نمبر پرسعودی علیان گروپ کی چیئرپرسن ہثم علیان ہیں۔یہ گروپ ایک نجی اورکثیرالقومی مالیاتی انٹرپرائزہے۔اس کے پاس عالمی سرمایہ کاری کا فعال انتظامی پورٹ فولیو ہے۔ 1947 سے قائم شدہ علیان گروپ ایک بین الاقوامی سرمایہ کارہے جو مختلف شعبوں میں کام کرتا ہے۔جنوری 2021 میں ہثم علیان کو بروک فیلڈ ایسٹ مینجمنٹ کے بورڈ کی رکن مقرر کیا گیا تھا۔

فوربزمڈل ایسٹ کے مطابق اس گروپ کے رئیل اسٹیٹ اثاثوں میں نیویارک میں 550 میڈیسن ایونیو، لندن میں نائٹس برگ اسٹیٹ اور میڈرڈ میں ہوٹل رٹز شامل ہیں۔سعودی عرب میں علیان گروپ کوکا کولا کی بوتلیں بناتی ہے، برگر کنگ ریستوران چلاتی ہے اور ڈبے اور کاغذ تیار کرتی ہے۔

لبنیٰ علیان فوربز کی فہرست میں گیارھویں نمبر پر ہیں۔انھوں نے30 سال سے زیادہ عرصے تک علیان فنانس کی چیف ایگزیکٹوآفیسر(سی ای او) کے طورپر خدمات انجام دیں اور 2019 میں ریٹائرہوگئی تھیں۔اس کے بعد اسی سال وہ سعودی برٹش بینک (اے بی بی) کی چیئروومن بن گئیں۔

انھوں نے الاوّل بینک کے بورڈ کی صدارت بھی کی جو 2021میں ایس اے بی بی میں ضم ہوگیا تھا۔علیان سعودی کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں شامل ہونے والی پہلی خاتون تھیں۔مزید برآں، وہ علیان فنانس، شلمبرجراورمعدن،علیانز، میکنزی اینڈ سی پی، بینک آف امریکہ میریل لینچ اور اے کے بینک کے بورڈ کا حصہ ہیں۔

فہرست میں پندرھویں نمبر پر اقوام متحدہ کی عالمی سیاحتی تنظیم (یو این ڈبلیو ٹی او) میں مشرق اوسط کی ریجنل ڈائریکٹر بسمہ المیمن تھیں۔ وہ 2018 سے اس عہدے پر فائز ہیں اور وہ یو این ڈبلیو ٹی او میں قیادت کا عہدہ سنبھالنے والی خلیج تعاون کونسل کے کسی رکن ملک کی پہلی شہری اور تنظیم کی تاریخ میں خطے کی قیادت کرنے والی پہلی خاتون بن گئی ہیں۔

المیمن نے یو این ڈبلیو ٹی او کے تعاون سے سعودی عرب میں ورلڈ ٹورازم اکیڈمی بھی قائم کی۔ 2020 میں عالمی بینک نے انھیں شمالی افریقا اور مشرق اوسط (مینا) کے خطے کی سب سے کم عمر سی ای اوز میں سے ایک تسلیم کیا تھا۔

اس سے قبل انھوں نے سعودی کمیشن برائے سیاحت اور قومی ورثہ (ایس سی ٹی ایچ) میں 17 سال سے زیادہ عرصے تک خدمات انجام دی تھیں۔اس سال فوربز مڈل ایسٹ کی 50 سرکردہ ،بااثر اور کامیاب کاروباری خواتین کی فہرست میں سعودی عرب کے علاوہ متحدہ عرب امارات، مصر،مراکش، کویت اور عمان سے تعلق رکھنے والی خواتین بھی شامل ہیں۔

فوربز کا کہنا ہے کہ درجہ بندی کرتے وقت محصولات، اثاثے، مارکیٹ سرمایہ ، نامزدگی، کام کا مجموعی تجربہ، گذشتہ ایک سال کے دوران میں حاصل کردہ کامیابیاں، کارپوریٹ سماجی ذمہ داری اور ادارتی نکات کو مدنظر رکھا جاتاہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button