بین الاقوامی خبریں

 ایکسپو 2020میں ترک صدر کی آمد ،حاکم دبئی کا خیرمقدم

دبئی ،16فروری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)دبئی کے حاکم شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے ایکسپو 2020 میں ترک صدر رجب طیب ایردوآن کا خیر مقدم کیا ہے۔انھوں نے مہمان صدر کو نمائش گاہ کے مختلف حصے دکھائے۔دبئی ایکسپو کے دورے سے قبل ترک صدر نے متحدہ عرب امارات کے کاروباری اداروں پرزوردیا تھا کہ وہ ترکی میں سرمایہ کاری کریں۔
ترک صدر رجب طیب ایردوآن 2013 کے بعد متحدہ عرب امارات کے اپنے پہلے دوروزہ دورے پر پیرکو ابوظبی پہنچے تھے۔دنیا کی بلند ترین عمارت دبئی کے برج خلیفہ کو ان کی آمد پر ترک پرچم کے پروجیکشن سے روشن کیا گیا تھا۔یواے ای کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وام کی رپورٹ کے مطابق ابوظبی کے صدارتی محل قصرالوطن میں ترک صدر اور ولیعہد شیخ محمد بن زاید کے درمیان ملاقات ہوئی تھی اور انھوں نے دوطرفہ تعلقات اور علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں تبادلہ خیال کیا تھا۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زوردیا کہ ترکی اور یو اے ای خطے میں سلامتی اور استحکام کو مضبوط بنانے اور درپیش بحرانوں کے پرامن حل کی کوششوں کی حمایت کے حوالے سے ایک جیسا وژن رکھتے ہیں۔
ابوظبی کے ولی عہد نے کہا کہ تین ماہ قبل ان کے ترکی کے دورے کے موقع پردونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں نے دوطرفہ اقتصادی اور تجارتی شراکت داری کو بحال کرنے اور فروغ دینے کی اساس فراہم کی تھی۔
انھوں نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات مذاکرات، مشاورت اور سفارتی حل کے ذریعے خطے کو درپیش چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کیلئے ترکی کے ساتھ تعاون کو بڑھانے کا خواہاں ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button