برلن،17؍ فروری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)طوفانی آندھی کی وجہ سے جرمنی کے زیادہ تر صوبوں میں تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے جبکہ ٹرانسپورٹ کا نظام بھی بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔ جرمنی کے سولہ میں سے سات صوبوں میں خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کی گئی ہیں۔
جرمن محکمہ DWD موسمیات نے بتایا ہے کہ خطرناک ہری کین ‘ایلینا‘ جمعرات کی علی الصبح شمالی جرمنی میں داخل ہوا۔ بتایا گیا ہے کہ اس طوفانی آندھی کے ساتھ نصف گھنٹے تک 152 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں بھی چلیں۔جرمن حکام نے متاثرہ صوبوں کے باسیوں سے خصوصی اپیل کی ہے کہ وہ بھی احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔
خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ شمالی صوبوں نارتھ رائن ویسٹ فالیا اور میکلن برگ بالائی پومیرانیا میں دن بھر تیز ہوائیں چلنے کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔علاوہ ازیں بلیک فارسٹ ریجن سمیت جنوبی صوبوں میں بھی شدید موسم کا خطرہ برقرار رہے گا۔ بتایا گیا ہے کہ تیز ہوائیں چلنے کے ساتھ بارش کا سلسلہ بھی برقرار رہے گا۔
اس طوفانی آندھی کے پیش نظر جرمنی میں طویل فاصلے تک سفر کرنے والی ریل گاڑیاں بھی متاثر ہوئی ہیں۔اگرچہ صرف سات صوبوں میں احتیاطی تدابیر اختیار کی گئیں ہیں تاہم اس صوبوں سے چلنے والی ایسی متعدد ٹرینیں بھی روک دی گئیں جو دیگر صوبوں کی طرف جانا تھیں۔
اسی طرح ہوائی سفر بھی متاثر ہوا ہے۔ جرمن فضائی کمپنی نے بیس پروازیں منسوخ کی ہیں جبکہ متعدد تاخیر کا شکار بھی ہوئیں۔جرمن دارالحکومت برلن کے فائر بریگیڈ محکمے نے ہنگامی حالت کا نفاذ کر دیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ متعدد علاقوں میں تیز ہواؤں کی وجہ سے درخت گرنے کی وجہ سے سڑکیں بلاک ہو گئیں اور لوگوں کی طرف سے مسلسل ہنگامی فون کالز موصول ہونے کے بعد ہنگامی حالت نافذ کی گئی۔برلن میں تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔
شہری انتظامیہ نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور جاری کردہ ہدایات پر عمل پیرا رہیں۔شمالی جرمن صوبے شلیسوگ ہولشٹائن کے کچھ شہروں میں سیلابی صورتحال بھی دیکھی گئی ہے۔ جمعرات کی صبح تیز آندھی کے ساتھ دریائے ایلبے میں طغیانی کے باعث صوبائی حکومت چوکنا ہو گئی ہے۔
اس تناظر میں ہیمبرگ میں بھی خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کی گئی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ شام پانچ بجے تک اس طوفانی آندھی کا زور ٹوٹ جائے گا، جس کے بعد دریائے ایلبے میں پانی کا بہاؤ بھی معمول کی سطح پر آ جائے گا۔جرمن صوبے نارتھ رائن ویسٹ فالیا کی حکومت نے جمعرات کے دن اسکول بند رکھنے کا اعلان کیا تھا۔
حکام نے والدین کو تاکید کی ہے کہ وہ بچوں کو گھروں پر ہی رکھیں۔جرمن صوبے نارتھ رائن ویسٹ فالیا کے شہر کلیوے میں بنایا گیا ایک عارضی کورونا ٹیسٹ سینٹر تیز ہوا کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوا اور پورا کا پورا ٹینٹ اکھڑ گیا۔
جرمن روزنامے بلڈ نے فائر بریگیڈ محکمے کے حوالے سے بتایا ہے کہ تیز ہواؤں کی وجہ سے یہ عارضی ٹیسٹ سینٹر مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔ تاہم اس واقعے میں بھی کسی کے زخمی یا ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔



