بین ریاستی خبریںجرائم و حادثات

غازی آباد: 250 لوگوں سے 50 کروڑ کافراڈ کرنے والے نائیجیرین سمیت تین گرفتار

غازی آباد ،18فروری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)سائبر سیل نے ایک نائیجیرین نوجوان سمیت تین ملزمان کو گرفتار کرکے اُس گینگ کا انکشاف کیا ہے ،جو غیر ملکی لڑکی کا روپ دھار کر فیس بک پر دوستی کر کے لوگوں کے ساتھ دھوکہ دیا کرتاتھا۔ ملزمان کے قبضے سے 32 اے ٹی ایم کارڈ، پانچ موبائل، ویزا، پاسپورٹ، چھ چیک بک، آدھار کارڈ اور دو پاس بکس برآمد ہوئے ہیں۔

پولیس کے مطابق یہ گینگ تقریباً 18 ماہ سے سرگرم ہے اور تقریباً ڈھائی سو افراد سے 50 کروڑ سے زائد کا جھانسہ دے چکا ہے۔ گروہ کو بینک اکاؤنٹس فراہم کرنے والا ملزم مفرور ہے جس کی تلاش جاری ہے۔

ایس پی سٹی اگروال نے بتایا کہ وجے نگر کے رہنے والے مدھریندر کمار سنگھ نے دسمبر 2021 میں وجے نگر پولیس اسٹیشن میں ایک کیس درج کرایا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ نومبر 2021 میں انہیں فیس بک پر جینیفر جانسن کے نام سے فرینڈ ریکویسٹ موصول ہوئی۔

جینیفر نے اپنا تعارف لندن کے حوالے سے کرایا اور ہندوستان آنے کی خواہش ظاہر کی۔ جینیفر نے مدھوریندر کو ساڑھے تین لاکھ پاؤنڈ کے ڈرافٹ کی کاپی بھیجی اور بتایا کہ وہ 2 دسمبر کو ممبئی ایئرپورٹ پہنچ جائیں گی۔ وہاں سے وہ دہلی پہنچنے کے لیے لوکل فلائٹ لیں گی۔

2 دسمبر کو مدھریندر کو ایک نامعلوم نمبر سے کال آئی، خود کو کسٹم افسر بتاتے ہوئے فون کرنے والے نے بتایا کہ جینیفر کے پاس 3.5 ملین پاؤنڈز کا ڈرافٹ ہے۔

اسے کلیر کرنے کے نام پر مختلف بہانوں سے تقریباً سات لاکھ روپے ہڑپ لیے گئے۔ ایس پی سٹی نے بتایا کہ معاملہ کی جانچ کرتے ہوئے سائبر سیل نے نائیجیریا کے رہنے والے اکا دیڈیر، منڈیرا بازار چورا چوری گورکھپور کے رہنے والے اروند شرما اور بلیا کے رہنے والے پرنس پانڈے کو گرفتار کیا ہے۔ گینگ میں شامل لکھنؤ کا رہنے والا ببلو شرما فرار ہے، جس کی تلاش جاری ہے۔

ایس پی سٹی نے بتایا کہ اکا دیار سال 2019 میں بزنس ویزا پر نائیجیریا سے چھ ماہ کے لیے ہندوستان آیا تھا، وہ چھ ماہ سے ہندوستان میں غیر قانونی طور پر رہ رہا تھا۔ کاروبار کرنے کے بجائے فراڈ کے کاروبار میں سرگرم ہوگیا۔

یہ اکا دیدیار ہی تھا، جس نے جینیفر جانسن کا روپ دھار کر مدھوریندر کے ساتھ فراڈ کیا ۔ ایس پی سٹی کے مطابق اکا دیدیار سال 2020 میں اتراکھنڈ سے دھوکہ دہی کے جرم میں جیل بھی جاچکا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button