کانپور،20فروری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)یوپی اسمبلی الیکشن 2022 کے تیسرے مرحلے کے لیے ووٹنگ ہوئی ۔ اس دوران کانپور میں بی جے پی کی رہنما اور میئر پرمیلا پانڈے Mayor Pramila Pandey نے الیکشن کمیشن کے قوانین کی دھجیاں اڑاتے ہوئے ووٹ ڈالتے ہوئے اپنی تصویر کھینچی۔
اتنا نہیں پرمیلا پانڈے نے ووٹنگ کی رازداری کو پامال کرتے ہوئے یہ تصویر اپنے آفیشل فیس بک پیج پر بھی پوسٹ کی۔
ساتھ ہی اس معاملہ کا نوٹس لیتے ہوئے الیکشن کمیشن نے ان کیخلاف سخت کاروائی کی ہے۔ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر/ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کانپور (ڈی ایم کانپور) نے بتایا کہ پرمیلا پانڈے کیخلاف ایف آئی آر درج کی جا رہی ہے۔ کانپور نگر کی ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر ؍ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نیہا شرما نے بتایا کہ میئر پرمیلا پانڈے کیخلاف ایف آئی آر درج کی جا رہی ہے۔
ڈی ایم کانپور نگر کے آفیشل ٹویٹر پر بتایا گیا کہ کانپور کے ہڈسن اسکول پولنگ اسٹیشن پر پرمیلا پانڈے کی جانب سے ووٹنگ کی رازداری کی خلاف ورزی کے نتیجے میں، ان کیخلاف متعلقہ دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی جارہی ہے۔پرمیلا پانڈے کے علاوہ کانپور نگر کے ضلع الیکشن افسر نے بھی بی جے وائی ایم کے سابق صدر نواب سنگھ کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔



