
نئی دہلی ،20فروری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)دہلی کے تری مورتی بھون میں سیکورٹی ڈیوٹی پر مامور ایک 31 سالہ انڈو تبتی بارڈر پولیس (آئی ٹی بی پی) جوان نے اتوار کو مبینہ طور پر اپنی سروس رائفل سے خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی۔ پولیس کو متوفی کے پاس سے ایک سوسائد نوٹ ملا ہے۔
پولیس نے نعش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ کانسٹیبل وائی ریڈی صبح 5 بجے کے قریب مردہ پائے گئے اور ان کی رائفل ان کے پاس پڑی تھی۔ ریڈی کا تعلق کرناٹک سے تھا، اور وہ تقریباً دو ہفتے قبل ہی 30 دن کی چھٹی سے واپس آئے تھے۔
حکام نے بتایا کہ اس کے بستر سے ایک مبینہ سوسائڈ نوٹ ملا ہے ،جس میں مقتول نے اپنی بیوی اور سسر پر اسے ذہنی ٹارچر کا الزام لگایا ہے۔
نوجوان کی شادی گزشتہ سال اکتوبر میں ہوئی تھی۔پہاڑی جنگ کی تربیت یافتہ ITBP بنیادی طور پر چین کے ساتھ لائن آف ایکچوئل کنٹرول (LAC) کی سیکورٹی کے لیے تعینات ہے ،اور اس کے کئی یونٹ دارالحکومت دہلی سمیت ملک کے مختلف حصوں میں امن و امان کے فرائض انجام دینے کے لیے بھی تعینات ہیں۔



