ممبئی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) ہندوستان کی 62 سالہ ضعیف خاتون نے بلندوبالا پہاڑ کی چوٹی سر کرکے عزم وحوصلے کی مثال قائم کردی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ناگارتنما نامی خاتون نے ہندوستانی ریاست کیرالا کی دوسری بلند وبالا چوٹی ’اگستھیارکودم‘ سر کرکے سب کو حیرت میں ڈال دیا۔معمر کی پہاڑ پر چڑھنے کی مختصر ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں وہ ساڑھی پہن کر رسیوں کی مدد سے چوٹی سر کرتی نظر آرہی ہیں۔ مناظر دیکھ کر انٹرنیٹ صارفین بھی حیران رہ گئے۔ناگارتنما کا کہنا ہے کہ شادی کے بعد سے گھریلو ذمے داریوں اور بچوں کی پرورش میں مصروف تھی تاہم بچے بڑے ہوچکے ہیں اور اب وہ اپنے خواب پورے کررہی ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اتنا جوش وجذبہ مذکورہ خاتون کے علاوہ کسی اور معمر فرد میں نہیں ہوسکتا، ہمیں اب بھی یقین نہیں ہورہا۔خیال رہے کہ ناگارتنما کا تعلق ہندوستانی شہر بنگلورو سے ہے۔ اس سے قبل کیرالا کے ایک پارک میں 72 سالہ خاتون ایڈونچر سے بھرپور زپ لائن پر سیر کرتی پائی گئی تھیں۔



