اواگادوگو:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)جنوب مغربی افریقی ملک برکینا فاسو میں سونے کی کان میں ہونے والے خوفناک دھماکے میں 60 کان کن ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق براعظم آفریقہ میں سب سے زیادہ سونا پیدا کرنے والے ملک برکینا فاسو میں سونے کی کان خوفناک دھماکے کے باعث دھنس گئی، جس کے نتیجے میں 150 سے زائد کان کن ملبے تلے دب گئے۔
ریسکیو ادارے کی ٹیم نے ملبے سے 60 کان کنوں کی لاشیں نکالی ہیں جب کہ ملبے تلے دبے 100 افراد کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا ہے جہاں درجن سے زائد کان کنوں کو انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل کیا گیا ہے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق دھماکہ سونے میں استعمال ہونے والے کیمیکل کے ذخیرے میں ہوا۔واضح رہے کہ برکینا فاسو میں 800 سے زائد سونے کی کانیں ہیں اور یہ ملک سونا برآمد کرنے والے افریقہ کے اہم ممالک میں شامل ہوتا ہے ۔
تاہم کان کنی کے روایتی طریقے اپنانے اور احتیاطی و حفاظتی اقدامات نہ کرنے کے باعث ایسے حادثات ہوتے رہتے ہیں۔



