نواب ملک اسپتال میں داخل: ای ڈی کی حراست میں نواب ملک کی بگڑی طبیعت ،اسپتال میں شریک
ممبئی، 25فروری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ای ڈی کے ذریعہ گرفتار کئے جانے کے دو دن بعدمہاراشٹر حکومت کے وزیر اور این سی پی لیڈر نواب ملک کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ وہ ممبئی کے جے جے اسپتال میں داخل ہیں،تاہم انہیں کن وجوہات کی بنا پر اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، اس کی معلومات دستیاب نہیں ہے۔بدھ کو این سی پی لیڈر کو ای ڈی نے گرفتار کیا تھا۔
ان پر داؤد ابراہیم کے قریبی دوستوں سے جائیداد خریدنے کا الزام ہے۔ اس کے علاوہ ای ڈی منی لانڈرنگ سے متعلق معاملہ میں بھی تحقیقات کر رہی ہے۔ بدھ کی صبح تقریباً 7 بجے ای ڈی کی ٹیم نے ان کے گھر پر چھاپہ مارا تھا،اس کے بعد ای ڈی اسے اپنے ساتھ لے آئی تھی۔ تقریباً چھ گھنٹے کی پوچھ گچھ کے بعد انہیں گرفتار کر لیا گیا۔
ای ڈی نے نواب ملک کی گرفتاری کے بعد پوری کہانی کو بے نقاب کیا تھا۔ ای ڈی نے عدالت کو بتایا تھا کہ وزیر نواب ملک نے مبینہ طور پر منیرہ پلمبر سے 300 کروڑ روپے کا پلاٹ ایک کمپنی کے ذریعہ چند لاکھ روپے میں ہتھیالیا تھا،اور کمپنی کا مالک ملک فیملی ہے۔
ای ڈی نے الزام لگایا کہ ملک مفرور ڈان داؤد ابراہیم کی بہن حسینہ پارکر اور ڈی گینگ کے دیگر ارکان کی مدد سے کمپنی چلا رہے تھے،اس سلسلے میں منیرہ پلمبر نے ای ڈی کو دیئے گئے ایک بیان میں کہا کہ کرلا کے گوالا کمپاؤنڈ میں اس کا 3 ایکڑ کا پلاٹ ہے۔
سلیم پٹیل نے اس زمین پر ناجائز قبضہ خالی کرانے اور تنازعات طے کرنے کے لیے اس سے پانچ لاکھ روپے لیے تھے، لیکن اس نے یہ زمین کسی تیسرے فریق کو بیچ دی، جب کہ سلیم کو کبھی بھی جائیداد فروخت کرنے کے لیے نہیں کہا گیا۔
وہیں مبینہ طور پر اس زمین سے متعلق دستاویزات کی چھان بین کے بعد ای ڈی کو پتہ چلا کہ اس کے پیچھے سردار شاہ ولی خان کا ہاتھ ہے، جو 1993 کے ممبئی بم دھماکوں کا ملزم ہے۔ وہ ڈاٹا اور مکوکا کے تحت اورنگ آباد جیل میں عمر قید کی سزا کاٹ رہا ہے۔



