بین الاقوامی خبریں

امارات آنے والے ویکسین شدہ مسافروں کے لیے پی سی آر ٹیسٹ کی پابندی ختم

دبئی،27فروری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)متحدہ عرب امارات نے کورونا ایس او پیز میں نرمی کا اعلان کیا ہے اور مکمل ویکسین کروانے والے مسافروں کے لیے پی سی آ ر ٹیسٹ RT-PCR Test رپورٹ کی پابندی ختم کردی ہے۔ امارات الیوم کے مطابق ایمرجنسی، کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے قومی ادارے نے ملک کے متعلقہ اہم اداروں کے ساتھ یکجہتی سے اعلان کیا ہے کہ یکم مارچ سے کورونا ایس او پیز میں نرمی شروع کی جائے گی۔

بیان میں کہا گیا کہ ’بند مقامات پر ماسک کے استعمال کو لازمی اور کھلے مقامات پر اختیاری کردیا گیا ہے۔کورونا کے متاثرین سے ملنے والوں کے لیے ہاؤس آ ئسولیشن کی پابندی ختم کی جا رہی ہے، البتہ سرکاری ملازمین کے لیے یہ بات ضروری ہو گی کہ وہ کورونا کے مریض سے ملنے کی صورت میں پانچ دن کے اندر دو مرتبہ پی سی آ ر ٹیسٹ  کرائیں۔

دونوں کے درمیان 48 گھنٹے کا وقفہ رکھنا ہوگا۔قومی ادارے نے بیان میں کہا کہ متاثرین کے حوالے سے ہاؤس آ ئسولیشن جاری رہے گی۔ اس میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔ادارے نے فیصلہ کیا ہے کہ کورونا وبا سے قبل اذان اور تکبیر کے درمیان جتنا وقت دیا جاتا تھا اب اسے بحال کردیا گیا ہے۔

مساجد میں قرآ ن کریم کے نسخے بھی خاص تعداد میں دوبارہ رکھ دیئے جائیں گے البتہ ہر نماز کے بعد قرآ ن پاک کے نسخوں کو سینی ٹائز کیا جائے گا۔ مساجد میں نمازیوں کے درمیان ایک میڑ کا سماجی فاصلہ برقرار رہے گا۔

بیان کے مطابق بیرون ملک سے امارات آ نے والوں سے کورونا ویکسین سرٹیفکیٹ کی پابندی برقرار رہے گی اور ان سے کیو آ ر کوڈ کے ساتھ مصدقہ ویکسی نیشن سرٹیفیکٹ طلب کیا جائے گا۔

ایسے افراد سے جنہوں نے ویکسین کی خوراکیں نہ لی ہوں ان سے پی سی آ ر ٹیسٹ COVID-19 RT-PCR Test رپورٹ طلب کی جائے گی۔امارات میں سیاحتی اور کاروباری اداوں میں سماجی فاصلے کی پابندی ختم کی جا رہی ہے البتہ بند مقامات پر حفاظتی ماسک استعمال کرنے ہوں گے ہرعمر کے لوگوں کے لیے سپورٹس سرگرمیاں بھی بحال کی جا رہی ہیں، شائقین پر گرین پاس یا پی سی آ ر کی رپورٹ طلب کی جاتی رہے گی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button