لندن،28فروری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)کچھ عرصہ قبل ایرانی سفیر کی جانب سے منعقد کی گئی تقریب کے ویڈیو کلپ اور تصاویر ایرانیوں کے بیچ پھیل جانے کے بعد ایسا نظر آرہا ہے کہ محسن بہاروند Mohsen Baharvand اپنے عہدے سے ہاتھ دھو بیٹھیں گے۔
ایرانی خبر رساں ایجنسی ILNA کے مطابق لندن میں ایرانی سفیر بہاروند کو چند روز قبل تہران طلب کیا گیا تھا۔ یہ اقدام سوشل میڈیا پر ایرانی سفارت خانے کی جانب سے دیے گئے استقبالیے کے وڈیو کلپ گردش میں آنے کے بعد کیا گیا۔
مذکورہ وڈیو کلپ اور تصاویر میں تقریب میں شریک خواتین حجاب کے بغیر نظر آ رہی ہیں !محسن بہاروند کو ان کے منصب سے ہٹائے جانے کی بھرپور خبریں پھیل چکی ہیں۔ویڈیو کلپ میں تقریب میں ایک خاتون پیانو بجاتی ہوئی دکھائی دے رہی ہیں۔
ان کے ساتھ موسیقی بجانے والی ایک اور خاتون حجاب کے بغیر موجود ہیں۔ایک اور ویڈیو میں متعدد مہمان اور ذمے دار شخصیات کو واضح اور نمایاں طور پر بے پردہ خواتین کے ساتھ گھلتے ملتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
اس دوران سفارت خانے میں مہمانوں سے بھرے ہال کی دیوار پر ایرانی رہبر اعلی علی خامنہ ای اور انقلاب کے سرخیل خمینی کی تصاویر معلق نظر آ رہی ہیں۔ان تصاویر اور وڈیو کلپوں نے سوشل میڈیا پر تنقید کا دروازہ کھول دیا ہے۔ ایرانی شہریوں نے سوال اٹھایا ہے کہ اس طرح کی تقریبات قوم کے لیے کتنی اہمیت کی حامل ہیں !
اسی طرح یہ استفسار کیا جا رہا ہے کہ بد ترین اقتصادی حالات سے دوچار ایرانی عوام کے لیے سفارت خانوں میں سجائی جانے والی یہ رات کی محفلیں کیا فائدہ پہنچائیں گی ؟



