بین الاقوامی خبریں

ٹک ٹاک پر اب 10 منٹ تک کی ویڈیو اپ لوڈ کرنا ممکن

نیویارک ، یکم مارچ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ٹیکنالوجی کی دنیا میں آئے روز نت نئی چیزیں آتی رہتی ہیں اور ہر کوئی ایک دوسرے سے آگے نکلنے کی کوشش میں لگا رہتا ہے۔ ایسا ہی معروف پلیٹ فارمز کے درمیان بھی ہوتا ہے جونئے نئے فیچرز سے صارفین کی توجہ حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

اس مرتبہ ایسا ہی کچھ ویڈیو شیئرنگ بدنام زمانہ پلیٹ فارم ٹک ٹاک کی جانب سے کیا گیا ہے صارفین کو 10 منٹ تک کی ویڈیو اپ لوڈ کرنے کا اختیار دینا شروع کردیا ہے جو دنیا کے مقبول ترین ویڈیو پلیٹ فارم یوٹیوب کے لیے ایک چیلنج سمجھا جا رہا ہے۔

چین کی انٹرنیٹ کمپنی بائیٹ ڈانس کی ملکیت ٹک ٹاک اپنی مختصر ویڈیو پر لپ سنکنگ، گانے اور انٹرٹینمنٹ کی وجہ سے دنیا بھر میں مقبول پلیٹ فارم ہے۔ البتہ اس پر مختلف ممالک میں پابندیاں بھی لگتی رہتی ہیں۔

ٹک ٹاک پر پہلے مختصر دورانیے کی ویڈیو کا آپشن تھا جسے گزشتہ برس بڑھا کر تین منٹ تک کر دیا گیا تھا۔ البتہ اب کمپنی نے اس دورانیہ میں مزید تبدیلی کی ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق ٹک ٹاک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہم 10 منٹ طویل تک کی ویڈیو اپ لوڈ کرنے کا فیچر متعارف کرا کر خوش ہیں۔

ٹک ٹاک انتظامیہ کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں امید ہے کہ یہ (فیچر) دنیا بھر میں ہمارے تخلیق کاروں کی تخلیقی صلاحیتوں کو مزید بڑھائے گا۔

واضح رہے کہ ٹک ٹاک کی جانب سے پلیٹ فارم میں یہ تبدیلی ایک ایسے وقت میں کی گئی ہے جب سوشل میڈیا پلیٹ فارم یوٹیوب اور فیس بک نے اپنے صارفین کے لیے بھی مختصر دورانیے کا فیچر شوٹس اور ریل کی صورت میں متعارف کرایا ہواہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button