نئی دہلی ، یکم مارچ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ہندوستان میں امیر لوگوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، گرچہ مہنگائی کے باعث متوسط طبقے اور خط افلاس سے نیچے زندگی گزارنے کا جینا دوبھر ہوگیا ہو۔ ایک رپورٹ کے مطابق2021 میں ملک میں 30 ملین ڈالر یا تقریباً 226 کروڑ روپے سے زیادہ کی مالیت) والے لوگوں کی تعداد میں 11 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔
اس اضافے کے ساتھ ہی ہندوستان نے عالمی سطح پر ارب پتیوں کی تعداد کے لحاظ سے دوسرے ممالک کو پیچھے چھوڑ چکا ہے۔پراپرٹی ایڈوائزری فرم نائٹ فرینک کے مطابق ہندوستان 2021 میں عالمی سطح پر ارب پتیوں کی آبادی میں تیسرے نمبر پر ہے۔
رپورٹ میں دیئے گئے اعداد و شمار کے مطابق امریکا 748 ارب پتیوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے،اس کے بعد چین کا نمبر 554 ارب پتیوں کے ساتھ ہے۔ وہیںبھارت نے اس معاملہ میں ایک لمبی چھلانگ لگاتے ہوئے اب امریکہ اور چین کے بعد 145 ارب پتیوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر قبضہ کر لیا ہے۔
ویلتھ رپورٹ 2022 میں کہا گیا ہے کہ عالمی سطح پر الٹرا ایچ این آئیز کی تعداد 2021 میں 9.3 فیصد بڑھ کر 6,10,569 ہوگئی، جو گزشتہ سال کی اسی مدت میں 5,58,828 تھی۔ نائٹ فرینک کے مطابق ہندوستان میں ارب پتیوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں ان کی تعداد 2021 میں بڑھ کر 13,637 ہوگئی، جو پچھلے سال 2020 میں 12,287 تھی۔رپورٹ کے مطابق اگر ہم امیروں کے لحاظ سے بڑے ہندوستانی شہروں کی بات کریں تو بنگلور اس درجہ بندی میں سرفہرست ہے۔
226 کروڑ روپے سے زیادہ کی دولت والے شہروں میں سب سے زیادہ شہر بنگلور کے بعد 17.1 فیصد کے ساتھ، دہلی 12.4 فیصد کے ساتھ دوسرے نمبر پر اور ممبئی 9 فیصد کے ساتھ ہے۔



