
ممبئی، یکم مارچ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) داؤد ابراہیم منی لانڈرنگ کیس میں نواب ملک کی گرفتاری کے بعد اب ان کے بیٹے کی مشکلات میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔ دراصل ای ڈی نے ان کے بیٹے فراز ملک کو سمن بھیج کر طلب کیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ فراز کو ای ڈی نے کل ہی طلب کیا تھا لیکن وہ حاضر نہیں ہوئے۔
بتا دیں کہ اس سے قبل ای ڈی نے انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں این سی پی لیڈر نواب ملک کو بھی گرفتار کیا تھا۔ ملک کو صحت کی خرابی کے باعث اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔
تاہم اب انہیں چھٹی دے دی گئی ہے اور وہ دوبارہ ای ڈی کی حراست میں ہیں۔مہاراشٹر کے وزیر اور این سی پی لیڈر نواب ملک نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے ذریعہ اپنے خلاف درج منی لانڈرنگ کیس کو منسوخ کرنے کے لئے بمبئی ہائی کورٹ کا رخ کیا ہے۔
ملک نے اپنی درخواست میں اپیل ہے کہ ان کی گرفتاری غیر قانونی ہے اور ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔این سی پی لیڈر کو بدھ کے روز ای ڈی نے گرفتار کیا تھا۔ ان پر داؤد ابراہیم کے قریبی دوستوں سے جائیداد خریدنے کا الزام ہے۔
اس کے علاوہ ای ڈی منی لانڈرنگ سے متعلق معاملے میں بھی تحقیقات کر رہی ہے۔ بدھ کی صبح تقریباً 7 بجے ای ڈی کی ٹیم نے ان کے گھر پر چھاپہ مارا تھا۔ اس کے بعد ای ڈی اسے اپنے ساتھ لے آئی تھی۔ تقریباً چھ گھنٹے کی پوچھ گچھ کے بعد انہیں گرفتار کر لیا گیا۔



