قومی خبریں

طویل علالت کے بعد انڈین یونین مسلم لیگ کے صدر کا انتقال- انا للہ وانا الیہ راجعون

تروونت پورم ، 6مارچ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)انڈین یونین مسلم لیگ کے صدر اور معروف مذہبی رہنما سید حیدر علی شہاب تھنگل اتوار کو انتقال کر گئے۔ ان کی عمر 74 برس تھی اور وہ گزشتہ کئی دنوں سے علیل تھے۔ انہوں نے ارناکولم کے ایک اسپتال میں آخری سانس لی، یہاں ان کا علاج چل رہا تھا۔

وہ کچھ عرصے سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھے۔تھنگل کانگریس کے یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ (یو ڈی ایف) میں بھی نمایاں رہنما تھے۔انہوں نے کیرالہ جمعیۃ العلماکے نائب صدر کے طور پر بھی کام کیا، جو کیرالہ میں مسلم علما کی ایک بااثر تنظیم ہے۔

IUML کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ اتوار کو دوپہر 12 بجے کے قریب ان کا انتقال ہوگیا۔ ریاستی وزراء وی شن کوٹی اور ایس چیرین نے ان کی موت پر غم کا اظہار کیا۔چیرین نے اپنے پیغام میں کہا کہ ریاستی سیاست میں ایک سینئر شخصیت کے طور پر ان کے ہر کسی سے قریبی تعلقات تھے اور وہ سب کی نظر میں قابل احترام تھے۔

اُن کا انتقال کیرالہ کی سماجی اور ثقافتی زندگی کے لیے بہت بڑا نقصان ہے۔ وہیں راہل گاندھی نے بھی سید حیدر علی شہاب کی موت پر تعزیت کا اظہار کیا۔ راہل گاندھی نے انہیں یو ڈی ایف کی مضبوط سیکولر آواز قرار دیا۔

راہل نے ٹویٹر پر لکھا کہ سید حیدر علی شہاب تھنگل انڈین یونین مسلم لیگ کی کیرالہ یونٹ کے صدر اور محبوب روحانی رہنما کا انتقال ہو گیا ہے۔ ان کے اہل خانہ اور حامیوں سے میری تعزیت پیش ہے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ تھنگل بھائی چارے، سب کی نظر میں قابل احترام تھے ، اُنہیں ہمیشہ یاد کیا جائے گا۔

کانگریس کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا میں اپوزیشن کے سابق لیڈر غلام نبی آزاد نے بھی تھنگل کی موت پر گہرے غم کا اظہار کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button