غزہ،7مارچ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) انڈین سفارت کار اور فلسطین میں انڈیا کے نمائندے مکل آریہ ریا Mukul Arya رملہ میں اپنے مشن کی عمارت میں مردہ حالت میں پائے گئے ہیں۔
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق مکل آریہ رملہ میں اپنے مشن کی عمارت میں اتوار کے روز مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔ انڈیا کے وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر نے بھی سفارت کار کی موت کی تصدیق کردی ہے۔
اپنی ایک ٹویٹ میں ان کا کہنا تھا کہ انہیں مکل آریہ کی موت پر شدید صدمہ پہنچا ہے اور وہ ایک باصلاحیت افسر تھے۔انڈین میڈیا کے مطابق مکل آریہ رملہ سے قبل کابل اور ماسکو میں انڈین سفارت خانوں میں بھی کام کرچکے تھے۔
اس حوالے سے فلسطینی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ انہیں انڈین سفارت کار کی موت پر دکھ پہنچا ہے اور انہوں نے حکام کو ہدایت جاری کردی ہے کہ جلد از جلد تمام کارروائی پوری کرکے ان کی میت انڈیا بھیجی جائے۔ایک بیان میں فلسطینی حکام کا مزید کہنا تھا کہ ان کی موت کا سبب جاننے کے لیے تحقیقات کی جارہی ہیں۔



