قومی خبریں

پنجاب ایگزٹ پول: ’صرف آپ، باقی صاف‘، سرچڑھ کربولاکجریوال کا دہلی ماڈل 

نئی دہلی، 7 مارچ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)اروند کجریوال کا دہلی ماڈل اس بار پنجاب پر حاوی ہوسکتا ہے۔ انڈیا ٹوڈے ایکسس سروے ’صرف آپ، باقی صاف‘ دکھارہا ہے۔ کجریوال کے دہلی ماڈل نے پنجاب میں سر اٹھایا ہے۔ مفت بجلی اور 1000 روپے ماہانہ 18 سال سے زیادہ عمر کی خواتین کے بینک کھاتوں میں جمع کئے جانے والے آپ کے انتخابی وعدے کام آئے۔
’کرتی کسان یونین‘ کی ریاستی کمیٹی کے رکن رامندر سنگھ کہتے ہیں کہ یہ پہلے ہی نظر آ رہا تھا، پنجاب میں لوگ تبدیلی کی بات کر رہے تھے۔ وہ اکالی دل اور کانگریس سے تنگ آچکے تھے، یہ دونوں جماعتیں اب تک پنجاب میں حکومت کر رہی ہیں، لوگ تبدیلی چاہتے تھے اور انہوں نے اسی کے مطابق اپنا ووٹ ڈالا۔
پنجاب کے ایگزٹ پول میں کانگریس پارٹی کو 28 فیصد ووٹ مل رہے ہیں جو کہ پچھلی بار کے مقابلے 10.5 فیصد کم ہیں۔ بی جے پی کو سات فیصد اور اکالی-بی ایس پی اتحاد کو 19 فیصد ووٹ ملنے کا امکان ہے۔
عام آدمی پارٹی کو 41 فیصد ووٹ ملنے کی بات کہی جا رہی ہے۔انڈیا ٹوڈے ایکسس کے مطابق پنجاب میںکانگریس کو 117 میں سے 19-31 سیٹیں، آپ کو 76-90 سیٹیں اور اکالی-بی ایس پی اتحاد کو 7-11 سیٹیں مل سکتی ہیں۔
دہلی میں آپ کے ایم ایل اے اور پنجاب کے شریک انچارج راگھو چڈھا نے کہاکہ آپ کی زبردست جیت ہوئی ہے۔ پنجاب میں تبدیلی کی لہر ہے۔ دہلی کے کجریوال ماڈل کو پنجاب میں پسند کیا گیا ہے۔
پنجاب میں ایک سال تک شریک انچارج کے طور پر لوگوں کے درمیان رہے راگھو نے کہاکہ لوگوں میں تبدیلی کی لہر تھی۔ لوگ کانگریس اور اکالی دل سے خوش نہیں تھے۔ کسانوں کے عنصر نے پنجاب کی روایتی جماعتوں کو بھی نقصان پہنچایا ہے۔ لوگوں نے آپ پر اعتماد کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button