2024 میں بی جے پی کو شکست دینے کیلئے اپوزیشن متحد ہوں کانگریس کا انتظار کرنے کی ضرورت نہیں:سی ایم بنگال ممتا بنرجی
کولکاتہ ، 11مارچ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ چار ریاستوں کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی جیت مینڈیٹ کی حقیقی عکاسی نہیں ہے۔ وہیں ممتا بنرجی نے بی جے پی پر انتخابی مشینری کا استعمال کرکے ووٹ لوٹنے کا بھی الزام لگایا۔
بی جے پی کو شکست دینے کے لیے اپوزیشن اتحاد کے اپنے مطالبے کو دہراتے ہوئے مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ بنرجی نے کہا کہ بیکار بیٹھنے اور کانگریس کا انتظار کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر بی جے پی کچھ ریاستوں میں جیت جاتی ہے تو اسے زیادہ ہنگامہ نہیں کرنا چاہئے۔
یہ جیت عوام کے مینڈیٹ کی حقیقی عکاس نہیں ہے۔ یہ فیصلہ ووٹوں کو لوٹنے کے لیے انتخابی مشینری کے کھلے عام استعمال کی وجہ سے ہے۔ بنرجی نے کہا کہ اکھلیش یادوعوامی مینڈیٹ کی وجہ سے نہیں، بلکہ ووٹوں کی لوٹ کی وجہ سے ہارے ہیں۔
وہ مغربی بنگال حکومت کی جانب سے اسمبلی میں مالی سال 2022-23 کے لیے ریاستی بجٹ پیش کرنے کے بعد ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہی تھیں۔سماج وادی پارٹی کی طرف سے ای وی ایم کے ویڈیو پر ہوئے تنازعہ کا حوالہ دیتے ہوئے بنرجی نے کہاکہ اگر کسی ڈی ایم (وارنسی کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ) کو ای وی ایم (الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں) کو ہٹانے کے لیے معطل کیا جاتا ہے تو یہ بہت بڑی بات ہے۔
مجھے لگتا ہے کہ یہ سب اکھلیش یادو کو ہرانے کے لیے کیا گیا ہے تاکہ ووٹوں کی لوٹ میں آسانی ہو۔اکھلیش یادو کو مایوس اور پریشان نہیں ہونا چاہیے۔ انہیں عوام کے پاس جانا چاہیے اور اسے چیلنج کرنا چاہیے۔
ترنمول سپریمو نے مزید کہاکہ تمام ای وی ایم کا فارنسک معائنہ کیا جانا چاہئے تاکہ یہ دیکھا جا سکے کہ آیا یہ وہی مشینیں ہیں جنہیں لوگ ووٹ ڈالنے کے لئے استعمال کرتے ہیں اور پھر انہیں گنتی کے لئے لایاگیا ہے۔ اگر بی جے پی جیتی ہے تو وہ عوامی ووٹوں سے نہیں جیتی ہے۔ یہ کوئی مقبول مینڈیٹ نہیں ہے، یہ مشینری کا مینڈیٹ ہے۔



