اب یوپی میں یوگی کی ریاست ہے،شاعرمنور رانا یوپی چھوڑنے کا ارادہ ہی چھوڑ دیں-ایم پی وزیر داخلہ
بھوپال ، 11مارچ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ ڈاکٹر نروتم مشرا نے مشہور شاعر منور رانا کو مشورہ دیا ہے کہ وہ یوپی چھوڑنے کا ارادہ ترک کر دیں۔یوپی میں یوگی آدتیہ کی سرکار برقرار ہے ، اور رام راج میں ہر ایک کیلئے جگہ ہے۔خیال رہے کہ منور رانا نے گزشتہ سال ایک بیان دیا تھا۔ اس سلسلے میں وہ بی جے پی لیڈروں کے نشانے پر بھی تھے۔
منوررانا نے کہا تھا کہ اگر اتر پردیش میں بی جے پی کی حکومت بنتی ہے اور یوگی وزیر اعلیٰ بنتے ہیں تو میں یوپی چھوڑ دوں گا۔
اسی بیان میں رانا نے اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اسد الدین اویسی کو بھی نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا تھا کہ اگر یوپی کے مسلمانوں میں تھوڑی سی بھی عقل ہوتی تو وہ اویسی کو ووٹ نہیں دیتے۔یوپی اسمبلی انتخابات کے نتائج جمعرات کو آگئے ، جس میں بی جے پی اور اس کے اتحاد نے 273 سیٹیں جیت لیں۔
یوگی آدتیہ ناتھ متوقع طور پر دوبارہ وزیر اعلی بننے جا رہے ہیں۔ نروتم مشرا نے کہا کہ اتر پردیش میں یوگی آدتیہ ناتھ جی کی قیادت میں رام راجیہ قائم ہے۔ رام راجیہ میں سب کیلئے جگہ ہے۔ منور رانا سے اپیل ہے کہ آپ بہت اچھے شاعر ہیں، قوم کے مرکزی دھارے میں آئیں۔واضح ہو کہ منور رانا کی بیٹی عروسہ رانا نے بھی الیکشن لڑاتھا، کانگریس کے ٹکٹ پر پوروا سیٹ سے الیکشن لڑنے والے عروسہ کو 1876 ووٹ ملے۔ عروسہ کانام شہریت ترمیمی بل اور قانون کیخلاف مظاہرے کی وجہ سے سرخیوں میں آیا تھا۔



