قومی خبریں

چاروں ریاستوں میں بی جے پی کی نئی حکومت کی تشکیل ہولی کے بعد

نئی دہلی،14؍مارچ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)بی جے پی کی جیت والی چار ریاستوں میں نئی حکومتوں کی تشکیل ہولی کے بعد ہی ممکن ہے۔ اتر پردیش، اتراکھنڈ، گوا اور منی پور میں وزرائے اعلیٰ کا انتخاب ہولی کے بعد ہوگا۔ حلف برداری کی تقریب چاروں ریاستوں میں اس طرح منعقد کی جائے گی کہ سینئر لیڈروں کا سبھی جگہ جانے میں آسانی ہو۔

اتراکھنڈ میں ہولی کے اگلے دن قانون ساز پارٹی کی میٹنگ بلائی گئی ہے، جس میں دھرمیندر پردھان اور پیوش گوئل موجود ہوں گے۔

20 مارچ کو اتراکھنڈ میں حلف برداری ممکن ہے۔ منی پور میں نو منتخب ایم ایل اے آج حلف اٹھا رہے ہیں۔ گوا میں نو منتخب ایم ایل اے منگل کو حلف لیں گے۔ دونوں جگہوں پر اسمبلیاں تحلیل کر دی گئی ہیں، پروٹیم اسپیکر حلف دلائیں گے۔گوا، منی پور اور اتراکھنڈ میں وزیر اعلیٰ کو لے کر تذبذب برقرار ہے۔

سی ایم پشکر سنگھ دھامی اتراکھنڈ میں الیکشن ہار گئے ہیں۔ منی پور میں انتخابات سے پہلے سی ایم این بیرن سنگھ کے نام کا اعلان کیا گیا تھا لیکن اب کئی اور لیڈر اس دوڑ میں شامل ہیں۔ گوا میں پرمود ساونت کے نام پر الیکشن بھی لڑا گیا تھا لیکن اب کئی دوسرے لیڈر بھی دعویدار ہیں۔ بی جے پی لیڈر وشواجیت رانے وزیر اعلیٰ کے عہدے کے دعویدار بتائے جا رہے ہیں۔

گوا میں بی جے پی نے 40 میں سے 20 سیٹیں جیتی ہیں اور اسے کچھ آزاد ایم ایل ایز نے بھی حمایت دی ہے۔ پرمود ساونت ووٹوں کے بہت کم فرق سے اپنی سیٹ جیتنے میں کامیاب رہے ہیں۔ ایسے میں ہر کوئی یہ سوچ رہا ہے کہ اس بار ریاست کی باگ ڈور کون سنبھالے گا۔

اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ دو دنوں سے دہلی میں ہیں اور وہ ممکنہ وزراء کونسل کی تشکیل کے بارے میں سینئر لیڈروں سے بات چیت کر رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button