برطانوی وزیر اعظم کا دورۂ سعودیہ سعودی عرب اوربرطانیہ میں تزویراتی شراکت داری کونسل کے قیام کاسمجھوتہ
ریاض ،17مارچ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کے سعودی عرب کے دورے کے موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان تزویراتی شراکت داری کونسل کے قیام کا سمجھوتا طے پاگیا ہے۔سعودی ولی عہد سے الریاض میں برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے ملاقات کی ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات سمیت مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
انھوں نے اس موقع پر تزویراتی شراکت داری کونسل Strategic Partnership Council کے قیام کے لیے مفاہمت کی یادداشت پردست خط کیے ہیں۔سعودی پریس ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ولی عہد اور جانسن نے یوکرین میں جاری جنگ سمیت تازہ علاقائی اور بین الاقوامی صورت حال پر بات چیت کی ہے۔انھوں نے مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کے طریقوں پرگفتگو کی ہے۔
ملاقات میں سعودی عرب کے وزیرتوانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان،برطانیہ میں سعودی سفیر شہزادہ خالد بن بندربن سلطان سمیت سعودی حکام اور برطانیہ کے الریاض میں سفیر نیل کرمپٹن سمیت برطانوی حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔اس سے پہلے برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن سرکاری دورے پر الریاض پہنچے تو ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا گیا۔
شاہ خالد بین الاقوامی ہوائی اڈے پر الریاض ریجن کے ڈپٹی گورنرشہزادہ محمد بن عبدالرحمن اور مملکت میں برطانیہ کے سفیر نیل کرمپٹن اور دیگرحکام نے ان کا استقبال کیا۔قبل ازیں بورس جانسن نے ابوظبی میں یو اے ای کے حقیقی حکمران شیخ محمد بن زائد سے یوکرین جنگ کے تناظر میں توانائی کی عالمی منڈیوں کے استحکام پرتبادلہ خیال کیا تھا۔
ان کے دورے کا مقصد یوکرین پر حملے کے ردعمل میں روس کی تیل اور گیس کی برآمدات پرامریکا اور یورپ کی پابندیوں کے نفاذ کے بعد تیل کے عرب برآمد کنندگان کے ساتھ تعلقات کو مستحکم بنانا ہے۔



