نئی دہلی26مارچ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) ہفتہ کو پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 80 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا۔ تیل کمپنیاں خام مال کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ صارفین پر ڈال رہی ہیں جس کی وجہ سے گزشتہ پانچ دنوں میں چوتھی مرتبہ قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔
پبلک سیکٹر کی پیٹرولیم مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے جاری قیمت نوٹیفکیشن کے مطابق قومی دارالحکومت دہلی میں اب پیٹرول کی قیمت 97.81 روپے فی لیٹر سے بڑھ کر 98.61 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت 89.07 روپے فی لیٹر سے بڑھ کر 89.87 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
ساڑھے چار ماہ تک مستحکم رہنے کے بعد 22 مارچ کو پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 80 پیسے کا اضافہ کیا گیا تھا۔ تب سے اب تک ان کی قیمتوں میں تین بار 80-80 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔
چار بار پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کل 3.20 فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔اترپردیش اور پنجاب سمیت پانچ ریاستوں میں، اسمبلی انتخابات کا عمل شروع ہونے سے پہلے 4 نومبر 2021 سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں مستحکم تھیں۔
تاہم اس عرصے کے دوران خام تیل کی قیمت 30 ڈالر فی بیرل تک بڑھ گئی۔10 مارچ کو اسمبلی انتخابات کے نتائج کے اعلان کے ساتھ ہی پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا امکان تھا لیکن پٹرولیم کمپنیوں نے مزید چند دن انتظار کیا۔اب پٹرولیم مارکیٹنگ کمپنیاں اپنا نقصان پورا کر رہی ہیں۔ ہندوستان اپنی تیل کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے 85 فیصد درآمدات پر منحصر ہے۔



