بین ریاستی خبریںجرائم و حادثات
حاجی پور : ہائی ٹینشن تار کی لپیٹ میں آنے والی مسافر بس جل کر خاکستر
حاجی پور ،26مارچ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ویشالی ضلع کے حاجی پور میں ایک مسافر بس جل کر راکھ ہوگئی۔ بس میں آگ لگتے ہی موقع پر کہرام مچ گیا جس کے بعد فائر بریگیڈ کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر کافی کوششوں سے آگ پر قابو پایا۔ حادثے میں بس کا ڈرائیور بری طرح زخمی ہو گیا ہے۔
بس بجلی کے تار سے ٹکرا گئی جس کے باعث بس کو کرنٹ لگ گیا اور آگ لگنے کے بعد ڈرائیور گاڑی سے اترکر جان بچانے کی کوشش کرنے لگا ، تو کرنٹ لگنے سے وہ بری طرح جھلس گیا۔
زخمی ڈارائیورکو علاج کے لیے صدر اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔واقعہ صدر تھانہ علاقہ کے حاجی پور-پٹنہ رام آشیش چوک بس اسٹینڈ کا ہے۔ خوش قسمتی سے حادثہ کے وقت بس میں کوئی مسافر موجود نہیں تھا ورنہ بڑا حادثہ پیش آ سکتا تھا۔
پٹنہ جانے کے لیے بس ڈرائیور بس کو آگے لے جا رہا تھا کہ اوپر سے گزرنے والی ہائی ٹینشن تار میں بس ٹچ گئی جس کے بعد بس میں آگ لگ گئی۔ بس میں آگ لگتے ہی افراتفری مچ گئی۔ موقع پر پہنچے فائر ڈپارٹمنٹ کے ڈی ایس پی نے بتایا کہ بس میں آگ کیسے لگی اس کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔



