الائچی کے فوائد اور آسان گھریلو علاج | قدرتی خوشبو اور شفا کا خزانہ -✍️حکیم ڈاکٹرمحمد فاروق اعظم حبان قاسمی
✍️حکیم ڈاکٹرمحمد فاروق اعظم حبان قاسمی-ایم ڈی رحیمی شفا خانہ بنگلور
چھوٹی الائچی ! مختلف نام: اردو الائچی CORDAMOM خورد، ہندی چھوٹی الائچی ، گجراتی الائچی سفید، سنسکرت ایلا، بنگالی چھوٹ ایلاچ، دیلچی، گجراتی ایلاچ، عربی قاقلہ صفار، انگریزی کارڈی مم (CORDAMOM) لاطینی ایلے ٹریا کارڈے ہومائی (ELITERI CORDAMOMI)
شناخت: ایک درخت کا پھل ہے جس کی اونچائی ایک گز سے دو گز تک ہوتی ہے یا قدرے زیادہ پتے انار کے پتوں سے مشابہ اور پھول سفید ہوتے ہیں چھوٹی الائچی Cardamom لمبائی میں 2/4سے 3/5انچ تک بیضوی کسی قدر سہ گوشہ ہوتی ہے بالائی حصہ نوکیلا، ، نچلا گول، دیسی کاغذ کی طرح موٹا چھلکا سطح کھردری، جس پر دھاریاں ہوتی ہیں،
رنگت میں بادامی سفیدی مائل زرد اور کبھی اس میں سبزی جھلکتی ہے چھلکے کے اندر ننھے ننھے بیج جن کی بیرونی سطح سیاہ ، سرخی، مائل اور اندر سے سفید، ذائقہ قدرے حرارت لئے ہوئے مگر خوش گوار چھلکا و بیج خوشبودار۔بڑی الائچی 1/3سے 11/2انچ تک سہ گوشہ بیضوی ہوتی ہے چھلکا چھوٹی الائچی کی طرح مگر رنگ میں خاکستری مائل سرخ اور بیج پہلی قسم سے بڑے اور تکونی شکل کے ہوتے ہیں۔
جدیدریسرچ:
(1) اس میں لطیف روغن جس میں ٹرپی نین نامی ایک تارپین ہوتی ہے۔
(2) اس میں ایک گاڑھا روغن نیز اسکے چھلکے میں کسی قسم کی تاثیر نہیں ہوتی۔
مزاج: چھوٹی درجہ دوم کے مرتبہ آخر میں گرم و خشک بعض نے درجہ اول میں گرم و خشک لکھا ہے بڑی درجہ میںگرم اور دوسرے میںخشک ہے۔ چھوٹی الائچی سینے اور پھیپھڑے کے لئے غیر مفید ہے طباشیر سفید، گوند کتیرا سے اس کی اصلاح ہوجاتی ہے۔ بڑی الائچی آنتوں کے لئے مضر ہے۔
فوائد: مفرح و مقوی قلب ، مسوڑھوں و دانتوں کے لئے مقوی، قے، متلی، پیٹ کے ریحی درد، رطوبات معدہ، درد سر ریحی و دماغی تکالیف کے لئے مفید ہے ، بڑی الائچی بھی چھوٹی کے ہم خواص ہے تقویت ہضم میں چھوٹی سے زیادہ مفیدہے۔
جدید تحقیق کے مطابق کاسر الریاح، دافع تشنج، اور مقوی معدہ ہے۔ میرے والد محترم حضرت مولانا ڈاکٹر حکیم محمد ادریس حبان رحیمی حفظہ اللہ کی بیاض سے آج الائچی کے فوائد قارئین اردودنیا نیوز کی نذر ہیں۔
مقدار خوراک: الائچی خورد دوچٹکی، جدید تحقیق کے مطابق ایک سے دو گرام تک بڑی الائچی استعمال کرسکتے ہیں۔
بڑی الائچی کے مرکبات
دست: بڑی الائچی کے دانے بریاں کر کے کھلائیں۔
پائیوریا: اسکے چھلکوں کا بطور منجن استعمال کرنا مسوڑھوں کی تقویت کیلئے مفید ہے۔
منہ کے چھالے: اسکے چھلکوں کا سفوف منہ کے چھالوں پر چھڑکیں آرام آجائے گا۔
درد سر:چھلکوں کا سفوف پانی میں رگڑ کر ماتھے پر لیپ کریں، درد سر کو مفیدہے۔
درد شقیقہ: الائچی کلاں کے چھلکے 10 گرام، نوشادر ایک گرام، باریک پیس کر اگر داہنی طرف درد ہو تو بائیں نتھنے میں اور بائیں طرف درد ہو تو دائیں نتھنے میں سونگھیں۔ درد شقیقہ کو آرام آجائے گا۔
دوائے سنگرہنی: الائچی کلاں ساڑھے 40 گرام، پھول گلاب 25 گرام، کڑا چھال 50 گرام، سب کا سفوف تیار کریں، خوراک ۲ سے ۳ گرام گرمیوں میں دہی کی لسی یا چھاچھ اور سردیوں میں تازہ پانی سے استعمال کریں۔
عرق ہیضہ: پودینہ 25 گرام، الائچی کلاں چار عدد ،منقیٰ ۸ دانہ، نیم کوب کر کے ایک لیٹر پانی میںجوش دیں جب آدھا رہ جائے تو 20-20 گرام، وقفہ سے دیتے رہیں، پیاس، قے، دست رک جائیں گے۔
پیشاب کی نالی کے زخم: دانہ الائچی کلاں ، ست بروزہ، کباب چینی، طباشیر ہر ایک دو گرام، چینی سفید دو گرام، سفوف بنا کر گرام، دوگرام صبح و شام گائے کے دودھ کے ساتھ دیں۔
متفرق فائدے: الائچی کا استعمال عام طور پر ماؤتھ فریشنر کے طور پر یا مصالحے کے طور پر کیاجاتا ہے۔ چھوٹی الائچی اور بڑی الائچی۔ جہاں بڑی الائچی ہم کھانوں کو لذیذ بنانے کیلئے ایک مصالحے کے طور پر استعمال کرتے ہیں وہیں چھوٹی الائچی کھانوں میں خوشبو بڑھانے کے کام آتی ہے۔ دونوں ہی طرح کی الائچی ہماری صحت پر بہت گہرا اثر ڈالتی ہیں۔
خراش: اگر گلے میں تکلیف ہے اور گلادرد کر رہا ہے تو صبح اٹھتے وقت اور رات کو سوتے وقت چھوٹی الائچی چبا چبا کر کھائیں اور نیم گرم پانی پئیں۔
سوجن: اگر گلے میں سوجن آگئی ہو تو مولی کے پانی میں چھوٹی الائچی پیس کر استعمال کرنے سے فائدہ ہوتا ہے۔
کھانسی: سردی، کھانسی اور چھینکیں آنے پر ایک چھوٹی الائچی، ایک ٹکڑا ادرک ، لونگ اور پانچ تلسی کے پتے ایک ساتھ پان میں رکھ کر کھائیں۔
الٹیاں: بڑی الائچی پانچ گرام لے کر آدھا لیٹر پانی میں ابال لیں، جب پانی ایک چوتھائی رہ جائے تو اتار لیں۔ یہ پانی پینے سے قئے، متلی بند ہوجاتی ہیں۔
بدہضمی: اگر پیٹ میں ایسیڈٹی ہوگئی ہے تو فوری طور پر ایک الائچی کھالیں، ساتھ ہی اگر کسی نے کھانا زیاہ کھالیا ہو تو بھی اس کو کھائیں، آپ ہلکاپن محسوس کریں گے۔
جی مالش کرنا:اگر آپ کا بس یا گاڑی میں بیٹھنے سے جی مالش کرتا ہو اور چکر آتے ہوں تو فوراً اپنے منہ میں چھوٹی الائچی ڈال لیجئے، فوری راحت ملے گی۔
سانس کی بدبو: اگر آپ کے منہ سے بدبو آتی ہے تو ہر کھانے کے بعد ایک الائچی کا استعمال ضرور کریں ۔
اپنا اشتہار دینے کے لیے رابطہ کریں urduduniyanews@gmail.com
ہمارا پتہ
رحیمی شفاخانہ
248چھٹا کراس گنگونڈنا ہلی مین روڈ نیئر چندرا لے آؤٹ میسورروڈ-بنگلور-39
فون نمبر: 9343712908



