بیجنگ،28مارچ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)چین نے اپنے سب سے بڑے شہر شنگھائی میں کوویڈ لاک ڈاؤن کا نفاذ کر دیا ہے۔ یہ سن 2020 کے بعد سب سے بڑا لاک ڈاؤن قرار دیا گیا ہے۔اِدھر اسرائیل کے وزیر اعظم نفتالی بینیٹ کا کوویڈ ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔
چینی حکومت نے ملک کے مالیاتی مرکز سمجھے جانے والے چھبیس ملین کی آبادی والے شہر شنگھائی میں وبائی مرض کوویڈ انیس کے پھیلاؤ کے بعد لاک ڈاؤن کا نفاذ کر دیا ہے۔
شہر کے لوگوں کو گھروں تک محدود کر دیا گیا ہے تا کہ مختلف علاقوں میں وبا کے پھیلاؤ کو کنٹرول کیا جا سکے۔وسطی چینی شہر ووہان میں نومبر سن 2019 میں کورونا وائرس نے افزائش پائی تھی اور پھر اوائل سن 2020 میں کووڈ انیس نے شہر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔
گیارہ ملین آبادی کے اِس شہر کو انتہائی سخت لاک ڈاؤن کا سامنا رہا تھا۔ ووہان کو حکام نے چھہتر ایام تک مکمل طور پر بقیہ ملک سے کاٹ کر رکھ دیا تھا۔ اس کے بعد اب شنگھائی میں قریب قریب ویسے ہی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ شنگھائی کو دو مرحلوں میں لاک ڈاؤن میں رکھا جائے گا۔
اس دوران وسیع پیمانے پر لوگوں کے ٹیسٹ کیے جائیں گے۔ پہلے مرحلے میں شنگھائی کے مشرقی علاقے پوڈونگ کو بقیہ شہر سے پوری طرح کاٹ دیا جائے گا۔ پوڈونگ میں لاک ڈاؤن جمعے تک رہے گا۔ اس کے بعد زیادہ گنجان آباد علاقے پوکسی میں لاک ڈاؤن نافذ کیا جائے گا۔
جرمنی میں سیاسی محرکات کے پس منظر میں جرائم کا ارتکاب کرنے والے نو ہزار سے زائد افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ جرائم کے وفاقی ادارے کے مطابق اس میں زیادہ تر وہ افراد ہیں جنہوں نے کورونا وائرس کی پابندیوں کے خلاف نکالی گئی احتجاجی ریلیوں میں شرکت کی تھی۔
اس معاملے میں اب اس پہلو پر غور کیا جا رہا ہے کہ آیا ان افراد نے دستوری جمہوریت میں احتجاجی ریلیوں میں شریک ہو کر اپنے حق کو استعمال کیا ہے؟اسرائیل کے وزیر اعظم نفتالی بینیٹ کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ اس کا اعلان ان کے دفتر نے کیا ہے۔ ان کے ٹیسٹ کے پازیٹو ہونے کا اعلان امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن سے اتوار 27 مارچ کو ہونے والی ملاقات کے بعد سامنے آیا ہے۔



