
نئی دہلی،28مارچ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)دہلی کے ایروسیٹی (دہلی ایئرپورٹ کے آس پاس کا علاقہ) کے ایک ہوٹل میں سیکس ریکیٹ کا پردہ فاش ہوا ہے۔ پولیس نے لڑکی سمیت تین افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس سے موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق گرفتار ملزمان میں گینگ کا سرغنہ بھی شامل ہے۔
گرفتاری کے بعد ملزمین نے ایسے انکشافات کئے ہیں جس سے پولس یہ بھی سمجھ سکتی ہے کہ کس طرح اس کی ناک کے نیچے ایک سیکس ریکیٹ نہ صرف دہلی ،بلکہ این سی آر میں چلایا جار ہا تھا۔ پولیس اس گینگ سے وابستہ کئی لوگوں کی تلاش کر رہی ہے۔ گرفتار خاتون سے کئی طرح کی معلومات بھی سامنے آئی ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ 21 مارچ کو آئی جی آئی ایئرپورٹ پولیس اسٹیشن کو خفیہ اطلاع ملی کہ ایروسٹی ہوٹلوں میں سیکس ریکیٹ چل رہا ہے۔ مذکورہ اطلاع ملنے پر پولیس کی ایک ٹیم تشکیل دی گئی ، جس نے ہوٹل میں چھاپہ مارا۔ پولیس نے اس کے لیے ہوٹل ہالی ڈے میں ایک کمرہ بک کروایا اور ایک مخبر کے ذریعے بروکر سے رابطہ کیا۔
اس کے بعد پولیس ٹیم کو ہوٹل کے اندر اور باہر تعینات کر دیا گیا۔بعد ازاں قحبہ باز لڑکی اور نوین نامی دلال کو گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس نے آئی جی آئی پولیس اسٹیشن میں آئی ٹی پی ایکٹ کی دفعہ 4/5 کے تحت اس معاملہ میں ایف آئی آر درج کی ہے۔دلال نوین سے سختی سے پوچھ گچھ کے بعد پولیس نے دہلی-این سی آر میں کئی مقامات پر چھاپے مارے جس میں بہار کے رہنے والے ریاض صدیقی کو گرفتار کیا گیا۔
نوین اور ریاض سے پوچھ گچھ کے دوران پتہ چلا ہے کہ یہ لوگ دہلی-این سی آر میں سیکس ریکیٹ چلا رہے ہیں اور اس مقصد کے لیے گروگرام کے سیکٹر-45 میں ایک ہوٹل لیز پر لیا ہے۔
یہ لوگ اپنے تین دیگر ساتھیوں کے ساتھ منظم طریقے سے دہلی-این سی آر میں سیکس ریکیٹ چلا رہے تھے، اور یہ سودے بازی واٹس ایپ کے ذریعہ کی جاتی تھی۔



