نئی دہلی،30؍مارچ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)سن رائزرز حیدرآباد Sunrisers Hyderabad کے کپتان کین ولیمسن Kane Williamson پر انڈین پریمیئر لیگ (Indian Premier League) میں راجستھان رائلز کے خلاف میچ میں سلو اوور ریٹ کی وجہ سے 12 لاکھ روپئے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ منگل کو ایم سی اے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے یک طرفہ میچ میں سن رائزرز کو رائلز کے ہاتھوں 61 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
آئی پی ایل نے ایک میڈیا ریلیز میں کہا کہ سن رائزرز حیدرآباد پر راجستھان رائلز کے خلاف 29 مارچ کو مہاراشٹرا کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم، پونے میں کھیلے گئے آئی پی ایل میچ کے دوران سلو اوور ریٹ کی وجہ سے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ آئی پی ایل نے ایک میڈیا ریلیز میں کہاکہ یہ ٹیم کا اس سیزن میں پہلا جرم ہے۔
کم از کم اوور ریٹ پر آئی پی ایل کے ضابطہ اخلاق کے مطابق سن رائزرز حیدرآباد کے کپتان کین ولیمسن پر 12 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ راجستھان رائلز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 210 رنز بنائے۔ اس دوران کپتان سنجو سیمسن نے نصف سنچری اسکور کی۔
انہوں نے 27 گیندوں میں 5 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 55 رنز بنائے۔ جبکہ ہیٹمائر نے 13 گیندوں پر 32 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ انہوں نے 3 چھکے بھی لگائے۔



