ممبئی 3اپریل:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)شیوسینا کے سینئر لیڈر سنجے راوت نے راج ٹھاکرے کے مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے پر کیے گئے تبصرہ پر ردعمل دیا ہے۔ سنجے راوت نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے نتائج آنے کے بعد ہی راج ٹھاکرے کو ادھو ٹھاکرے کے ڈھائی سال کی وزارت اعلیٰ کا وعدہ یاد آرہا ہے۔
راج ٹھاکرے کی مسجد سے لاؤڈ اسپیکر ہٹانے کی بات پر سنجے راوت نے کہاہے کہ مہاراشٹر میں ملک کا قانون چلتا ہے۔ وزیر داخلہ ہر کام قانون کے مطابق کریں گے۔ سب سے پہلے یہ دیکھیں کہ بی جے پی کے زیر اقتدار کن ریاستوں میں کہا گیا ہے کہ اذان بند ہو گئی ہے یا مساجد سے لاؤڈ اسپیکر ہٹا دیے گئے ہیں۔
یہ مہاراشٹرہے اور یہاں قانون کی پاسداری کی جاتی ہے۔ راج ٹھاکرے پر حملہ کرتے ہوئے سنجے راوت نے کہاہے کہ اتنے عرصے بعد ان کی عقل کھلی ہے۔ ہم دونوں دیکھیں گے کہ بی جے پی اور شیوسینا میں کیا ہوا ہے۔ ہمیں اس میں کسی تیسرے شخص کی ضرورت نہیں ہے۔سنجے راوت نے میڈیا کو بتایا کہ شیواجی پارک میں ایم این ایس سربراہ راج ٹھاکرے کا پروگرام دیکھ کر لوگوں کو لگا کہ یہ بی جے پی کا پروگرام ہے۔



