ممبئی ،3اپریل :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)این سی پی پر ذات کی سیاست کرنے کے راج ٹھاکرے کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے پارٹی کے سربراہ شرد پوار نے کہا کہ ایم این ایس کے صدر کی کسی بھی معاملہ پر کبھی ایک رائے نہیں ہوتی ہے اور وہ برسوں سے تین سے چار ماہ تک ’ہائبرنیشن‘میں رہتے ہیں، جو ان کی خاصیت ہے۔ہفتہ کو ممبئی کے شیواجی پارک میں ایک ریلی میں، راج ٹھاکرے نے شرد پوار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان پروقتاً فوقتا ً ذات پات کارڈ کھیلنے اور سماج کو تقسیم کرنے کا الزام لگایا۔
پوار نے کولہاپور میں نامہ نگاروں سے کہاکہ اس کے برعکس، این سی پی نے تمام ذاتوں کے لوگوں کو متحد کیا ہے۔ راج ٹھاکرے کو تبصرہ کرنے سے پہلے این سی پی کی تاریخ پڑھ لینی چاہیے۔مہاراشٹر نونرمان سینا (ایم این ایس) کے سربراہ کی تقریر پر ایک سوال کے جواب میں پوار نے طنز کیا کہ راج ٹھاکرے تین سے چار مہینے سوتے رہتے ہیں، پھر بیدا ر ہوجاتے ہیں یہ ان کا خاصہ ہے۔ میں نہیں جانتا کہ وہ اتنے مہینوں سے کیا کرتے ہیں۔پوار نے کہا کہ ایم این ایس سربراہ بہت سی باتیں کہتے ہیں لیکن ان پر قائم نہیں رہتے۔وہ این سی پی اور ذات پات کی سیاست کے بارے میں بات کرتے ہیں۔
حقیقت یہ ہے کہ چھگن بھجبل اور مدھوکر راؤ سمیت دیگر قائدین ایوان میں این سی پی کے قائدین کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ سب جانتے ہیں کہ وہ کس ذات سے تعلق رکھتے ہیں۔سابق مرکزی وزیر نے کہا کہ ان کے بھتیجے اور مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار اسمبلی میں 30 سال مکمل کرنے کے بعد قائد ایوان بن گئے۔
راج ٹھاکرے کے یوپی کی تعریف کرنے کے بارے میں پوچھے جانے پر پوار نے کہا کہ جیسا کہ میں نے پہلے بھی کہا ہے کہ وہ کسی بھی چیز کے بارے میں بات کر سکتے ہیں۔ مجھے نہیں معلوم کہ انہوں نے اتر پردیش میں کیا دیکھا، اتر پردیش میں حال ہی میں کیا ہوا؟انتخابی نتائج (یوپی میں) مختلف وجوہات کی بنا پر مختلف تھے۔ لیکن لکھیم پور کھیری میں اتر پردیش کے بارڈر پر کسان احتجاج کر رہے تھے لیکن کوئی ان کے مسائل حل کرنے نہیں آیا، اگر ایسا ہے تو میں کچھ نہیں کہنا چاہتا۔



