
ریاض ، 5اپریل:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)سعودی عرب کے دو شہروں میں سحر اور افطار کے اوقات میں کافی فرق ہے۔ "ام الزمول” میں مقامی شہری عشا کی نماز پڑھ رہے ہوتے ہیں۔ جبکہ راس الشیخ حمید کے لوگ مغرب کی نماز پڑھتے ہیں۔سعودی عرب کی قصیم یونیورسٹی کے موسمیات کے امورکے پروفیسر ڈاکٹر عبداللہ المسند، جو پہلے سعودی عرب میں موسمی حالات کی کمیٹی کے بانی اور سربراہ رہ چکے ہیں، نے وضاحت کی کہ جنوبی ربع الخالی میں’ام الزمول‘ بندرگاہ میں روزہ دار مقامی وقت کے مطابق 05:34 پر، روزہ افطار کرتے ہیں اور یہاں سب سے پہلے روزہ افطار کیا جاتا ہے۔
المسند نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ کے ذریعے مزید کہا سعودی عرب کے شمال مغرب میں راس الشیخ حمید جزیرے میں افطار کا وقت شام 7:01 پر ہے۔ اس طرح مملکت کے ان دونوں علاقوں میں اوقات کا فرق ڈیڑھ گھنٹے پر محیط ہے۔انہوں نے نشاندہی کی کہ ان کے درمیان افقی فاصلہ 2,200 کلومیٹر جس میں تقریباً 1:27 کا فرق ہے۔



