میرٹھ 6اپریل(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)پہلے اعظم خان،مختارانصاری،عتیق احمدکے بعد اب ایسا لگتاہے کہ یعقوب قریشی نشانے پر ہیں۔بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کے سینئر لیڈر اور اتر پردیش کے سابق وزیر حاجی یعقوب قریشی کے اسپتال کو رجسٹریشن کی تجدید نہ کرنے پر بدھ کو سیل کر دیاگیاہے۔چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر اکھلیش موہن نے بتایا کہ سابق وزیر قریشی کے اسپتال کے رجسٹریشن کی 2019 سے تجدیدنہیں کی گئی ہے۔انہوں نے کہاہے کہ اس سلسلے میں انہیں تین بار نوٹس بھی بھیجے گئے لیکن ان کا کوئی جواب نہیں دیا گیا اس لیے یہ کارروائی کی گئی ہے۔
ڈاکٹر موہن نے بتایاہے کہ سیل کرنے کی کارروائی ڈپٹی چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر جاوید حسین اور ڈاکٹرسدھیرکمارکی قیادت میں کی گئی۔موہن نے کہاہے کہ ضلع میں کئی اسپتال ایسے ہیں جن کے رجسٹریشن کی تجدید نہیں ہوئی ہے جن کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔



