
نئی دہلی7اپریل:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ(ای ڈی)نے جمعرات کو جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے جموں و کشمیر بینک کے قرضوں کی منظوری میں مبینہ بے ضابطگیوں سے متعلق اینٹی منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میں پوچھ گچھ کی ہے۔
ای ڈی کیس سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کے کیس پر مبنی ہے، جس میں وفاقی تحقیقاتی ایجنسی نے جے اینڈ کے بینک کے چیئرمین مشتاق احمد شیخ اور دیگر کو ملزم بنایا ہے۔
یہ الزام ہے کہ 2010 میں، جموں اور کشمیر بینک کی انتظامیہ نے ممبئی کے باندرا کرلا میں آکرتی گولڈ بلڈرز سے مبینہ طور پر 180 کروڑ روپے کی ایک جائیداد خریدی تھی۔ عمر عبداللہ سے پوچھ گچھ پر ان کی پارٹی کا بیان سامنے آیا ہے۔ پارٹی نے کہاہے کہ دہلی عمر عبداللہ کا مقامی مسکن نہیں ہے۔ رمضان کا مہینہ چل رہا ہے لیکن اس کے بعد بھی انہوں نے تفتیش کی تاریخ بڑھانے کی کوشش نہیں کی ہے۔
مرکزی حکومت کو تفتیشی ایجنسیوں کا غلط استعمال کرنے کی عادت پڑ گئی ہے، اگر کوئی سیاسی پارٹی بی جے پی کے خلاف کھڑی ہوتی ہے تو اس کے پیچھے ای ڈی، سی بی آئی، این آئی اے اور این سی بی کا استعمال ہوتا ہے۔ ایک وقت تھا، جب الیکشن کمیشن انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کرتا تھا، لیکن اب لگتا ہے کہ ای ڈی انتخابات کا اعلان کر رہی ہے۔



